• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

بریڈ شرمین، زلمے خلیل زاد کی عمران خان کیلئے لابنگ کرنے کے تاثر کی تردید

شائع April 17, 2023
بریڈ شرمین نے کہا کہ عمران خان نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ امریکا کے خلاف نہیں ہیں—تصویر: ٹوئٹر
بریڈ شرمین نے کہا کہ عمران خان نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ امریکا کے خلاف نہیں ہیں—تصویر: ٹوئٹر

امریکی کانگریس کے رکن بریڈ شرمین نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم پاکستان اور چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ امریکا کے خلاف نہیں ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بریڈ شرمین اور زلمے خلیل زاد، دونوں نے اس خیال کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ عمران خان کی اقتدار میں دوبارہ آنے کے لیے مہم کی حمایت کررہے ہیں۔

تاہم بریڈ شرمین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے حال ہی میں عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستان میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔

’وائس آف امریکا اردو‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے بریڈ شرمین نے کہا کہ ’ٹیلی فون کال میں عمران خان نے انہیں بتایا کہ وہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں‘۔

گزشتہ ہفتے بریڈ شرمین نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو ایک خط لکھا تھا، جس میں ان سے کہا گیا تھا کہ تمام سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے پاکستانی حکام پر زور دیں کہ انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اسی طرح امریکا کے سابق نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے بھی اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ وہ عمران خان کے لیے لابنگ کر رہے ہیں۔

حال ہی میں زلمے خلیل زاد نے پاکستان میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کی مذمت اور نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے کے لیے کئی ٹوئٹس کی تھیں۔

اس حوالے سے سابق صدر آصف زرداری نے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ زلمے خلیل زاد ایسا اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ کسی نے ان کی خدمات حاصل کی ہوں گی، اسی لیے وہ عمران خان کی حمایت کر رہے ہیں۔

زلمے خلیل زاد نے آصف زرداری کے ان ’الزامات‘ کے ردعمل میں اپنی ٹوئٹس میں لکھا کہ ’میں کسی شخص کے لیے یا کسی ملک کے لیے لابنگ نہیں کرتا اور نہ ہی کسی کا ایجنٹ ہوں‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024