• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

دوسرے ٹی20 میں نیوزی لینڈ کو 38رنز سے شکست، پاکستان کو سیریز میں 0-2 کی برتری

شائع April 15, 2023 اپ ڈیٹ April 16, 2023
بابراعظم نے 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے— فوٹو: پی سی بی
بابراعظم نے 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے— فوٹو: پی سی بی

پاکستان نے بابر اعظم کی شاندار سنچری اور حارث رؤف کی بہترین باؤلنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ٹی20 میچ میں 38رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں بھی بابر اعظم ٹاس کے معاملے میں خوس قسمت رہے اور لگاتار دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے اننگز کا آغاز کیا تو بابر اعظم اور محمد رضوان کی قابل اعتماد جوڑی نے ٹیم کو 99 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کر کے شاندار بنیاد رکھی۔

محمد رضوان نے 34 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی لیکن اسی اسکور پر میٹ ہنری نے رضوان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

نئے بلے باز فخر زمان پہلی ہی گیند پر میٹ ہنری کی وکٹ بن گئے جبکہ صائم ایوب اور عماد وسیم بھی کیوی باؤلرز کا سامنا نہ کر سکے اور پویلین لوٹ گئے۔

یکے بعد دیگرے چار وکٹیں گرنے کے بعد قومی ٹیم دباؤ کا شکار ہو گئی لیکن دوسرے اینڈ سے بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نصف سنچری مکمل کی۔

بابر نے افتخار احمد کے ہمراہ پانچویں وکٹ کے لیے 87 رنز کی شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ بطور کپتان ٹی20 کرکٹ میں تیسری سنچری بھی اسکور کی۔

اننگز کے آخری اوور میں بابر کو فتح کے لیے 16 رنز درکار تھے اور انہوں نے جیمز نیشام کو چھکا لگانے کے ساتھ ساتھ دو چوکے لگا کر سنچری مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

بابراعظم نے 58 گیندوں پر 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنائے جس کی بدولت پاکستان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنانے میں کامیاب رہی، افتخار احمد نے بھی 33 رنز کی جارحانہ باری کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے بھی اپنی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 44 رنز جوڑے لیکن پاور پلے کے اختتام کے بعد بابر اعظم لیگ اسپنر شاداب خان کو لے کر آئے اور یہ فیصلہ درست ہوا۔

شاداب نے 19 رنز بنانے والے کپتان ٹام لیتھم کو چلتا کردیا جس کے بعد اگلے اوور میں عماد وسیم نے دوسرے اوپنر چیڈ بوز کی 26 رنز کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔

ولِ ینگ کا ساتھ دینے مارک چیپمین آئے اور دونوں نے تیسری وکٹ کے لیے 33 رنز جوڑے ہی تھے حارث رؤف نے اس خطرناک ہوتی شراکت کا خاتمہ کر کے ینگ کو چلتا کردیا جبکہ ڈیرل مچل بھی اتنے ہی رنز بنا سکے۔

دوسرے اینڈ سے چیپمین نے جارحانہ انداز سے بیٹنگ جاری رکھی اور شاندار نصف سنچری اسکور کی البتہ حارث رؤف نے ضرب لگانے کا سلسلہ جاری رکھا اور جیمز نیشام کے بعد کول میک کونچی کی بھی وکٹیں اپنے نام کر لیں۔

مارک چیپمین نے 40 گیندوں پر 4 چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی باری کھیلی لیکن یہ کاوش بھی نیوزی لینڈ کو فتح دلانے کے لیے ناکافی ثابت ہوئی۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے اور اس طرح پاکستان نے 38 رنز کی فتح اپنے نام کر لی۔

پاکستان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر حارث رؤف نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ زمان خان، عماد وسیم اور شاداب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں بھی 0-2 کی برتری حاصل کر لی۔

بابر اعظم ناقابل شکست سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل میچ کے لیے پاکستان نے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی اور گزشتہ میچ کی فاتح الیون برقرار رکھی ہے البتہ نیوزی لینڈ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے حارث رؤف کی شاندار باؤلنگ کی بدولت مہمان ٹیم کو صرف 94 رنز پر ڈھیر کر کے میچ میں 88 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

پاکستان: بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان۔

نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم(کپتان)، چیڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، جیمز نیشام، رچن رویندرا، ہنری شپلے، میٹ ہنری، کول میک کونچی اور بین لسٹر۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024