• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

شرمین عبید چنائے کو ’جنوبی ایشیائی‘ کہنے پر عدنان صدیقی کی پریانکا چوپڑا پر تنقید

شائع April 15, 2023
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی جانب سے پاکستانی ہدایت کار شرمین عبید چنائے کو ہالی ووڈ سیریز ’اسٹار وارز‘ کی ڈائریکٹر منتخب ہونے والی پہلی ’جنوبی ایشیائی‘ خاتون کہنے پر عدنان صدیقی نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

یاد رہے کہ ہالی ووڈ پروڈکشن کمپنی لوکس فلم نے معروف سیریز ’اسٹار وارز‘ کی تین نئی ایکشن فلموں کا اعلان کیا ہے جس میں سے ایک کی ہدایت کاری شرمین عبید چنائے کریں گی۔

یہ اعلان گزشتہ ہفتے لندن میں ’اسٹار وارز سیلیبریشن‘ کے دوران کیا گیا جس میں شرمین عبید نے بھی شرکت کی تھی۔

ایک روز قبل پریانکا چوپڑا نے شرمین عبید چنائے کو ’اسٹار وارز‘ کی فلم ڈائریکٹ کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’پہلی خاتون اور غیر سفید فام فلم ’اسٹار وار‘ ڈائریکٹ کریں گی اور وہ ’جنوبی ایشیائی خاتون‘ ہیں۔‘

پریانکا چوپڑا نے اسے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’میری دوست، مجھے تم پر فخر ہے‘۔

بھارتی اداکارہ کا شرمین عبید کی کامیابی پر انہیں ’پہلی پاکستانی‘ کے بجائے ’پہلی جنوبی ایشیائی‘ خاتون کہنے پر پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے شدید ردعمل دیا۔

مائیکروبلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر عدنان صدیقی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کی معلومات کے لیے کہنا چاہتا ہوں کہ شرمین عبید چنائے سب سے پہلے ایک پاکستانی ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’بالکل اسی طرح جیسے آپ کو جب بھی موقع ملتا ہے تو آپ جنوبی ایشیائی ہونے کا دعویٰ کرنے سے پہلے اپنی بھارتی قومیت کا اظہار کرتی ہیں۔‘

اس کے علاوہ اداکارہ عائشہ عمر نے عدنان صدیقی کی ٹوئٹ انسٹاگرام پر شئیر کرتے ہوئے تالیوں کی ایموجی لگائی اور ان کے ردعمل کو سراہا۔

گلوکار اور اداکار گوہر ممتاز نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے بھارتی اداکارہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے شرمین عبید چنائے کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے، لیکن اگر پریانکا چوپڑا ’پاکستانی ہدایت کار‘ لکھتیں تو بہت اچھا ہوتا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ بھارتی اچھے لوگ ہیں، اگر آپ انہیں سمجھانے کی کوشش کریں گی تو وہ بُرا نہیں مانیں گے’۔

اس کے علاوہ کئی ٹوئٹر صارفین کا بھی ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔

ٹوئٹر صارف فیصل کپاڈیا نے لکھا کہ ’آپ جتنی بھی کوشش کر لیں پاکستان کو بین الاقوامی بیانیے سے نہیں مٹا سکتے، شرمین ایک پاکستانی ہیں اور انہیں پاکستانی کہا جانا چاہیے، آپ کے جعلی اتحاد کے بہانے میں قومیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، کتنے بھارتی اسٹارز ایک اعزاز جیتنے پر ہندوستانی کے بجائے جنوبی ایشیائی کہیں گے۔

ایک اور صارف مہوش خان نے لکھا کہ ’لوگوں کے لیے پاکستانی کہنا اتنا مشکل کیوں ہے؟؟ اگر ان کی جگہ یہ خود ہوتیں تو یہ جنوبی ایشیائی نہیں کہتیں‘۔

ٹوئٹر صارف کرن نے بھارتی اداکارہ کا دفاع کرتے ہوئے لکھا کہ پریانکا نے آسکر سے پہلے ہالی ووڈ میں ساؤتھ ایشین ایکسیلنس کی ایک تقریب منعقد کی تھی، جس میں آر آر آر، جوائے لینڈ، شرمین عبید چنائے، رز احمد، ملالہ یوسف زئی اور دیگر نے شرکت کی تھی، پریانکا کا کہنا بھی اسی تناظر میں تھا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پریانکا چوپڑا نے اس تقریب کا انعقاد صرف بھارتیوں کے لیے نہیں بلکہ تمام جنوبی ایشیائی افراد کے لیے کیا تھا کیونکہ ہالی ووڈ ہمیں جنوبی ایشیائی کے طور پر دیکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ شرمین عبید چنائے نے اپنی دستاویزی فلموں پر دو آسکر ایوارڈز جب کہ 4 ایمی ایوارڈز جیت رکھے ہیں جب کہ حال ہی میں انہوں نے پہلی میگا بجٹ ہولی ووڈ امریکی سائنس فکشن ویب سیریز ’مس مارول‘ کی ہدایات بھی دی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024