• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سعودی عرب دنیا کی سب سے بڑی ٹی20 لیگ شروع کرنے کا خواہاں

شائع April 14, 2023
سعودی حکومت کے منصوبے کے تحت اس لیگ میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی طرح بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی— فائل فوٹو بشکریہ فیس بُک
سعودی حکومت کے منصوبے کے تحت اس لیگ میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی طرح بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی— فائل فوٹو بشکریہ فیس بُک

دنیا بھر میں ٹی20 کرکٹ کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے سعودی عرب نے بھی اپنی ٹی20 لیگ کے آغاز کی منصوبہ بندی شروع کردی ہے جس میں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی طرح بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت بھی یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔

انڈین پریمیئر لیگ کی بے پناہ کامیابی کے بعد دنیا بھر میں لیگ کا آغاز ہوا اور بنگلہ دیش، ویسٹ انڈیز، پاکستان، جنوبی افریقہ کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں بھی لیگ کا آغاز ہوا۔

دنیا بھر میں لیگ کے آغاز کے باوجود انڈین پریمیئر لیگ آج بھی سب سے ممتاز ہے کیونکہ اس میں بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مشہور و معروف کرکٹرز شرکت کرتے ہیں اور اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی عرب بھارت کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی لیگ شروع کرنا چاہتا ہے جس میں بھارتی کھلاڑیوں کی شرکت بھی یقینی بنائی جا سکے۔

’دی ایج‘ میں شائع رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت کے نمائندوں نے انڈین پریمیئر لیگ کی فرنچائز کے مالکان کو عرب خطے میں ایک لیگ کے قیام کا منصوبہ پیش کیا ہے جہاں سعودی حکومت اسے دنیا کی سب سے مہنگی اور پرکشش لیگ بنانا چاہتی ہے۔

سعودی حکومت اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے گزشتہ ایک سال سے کام کررہی ہے اور اس سلسلے میں آئی پی ایل کے مالکان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی حکومت لیگ کو کامیاب بنانے کے لیے اس میں بھارتی کرکٹرز کو بھی شامل کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں وہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے ساتھ بھی بات کر سکتی ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے قانون کے تحت انڈین کرکٹر آئی پی ایل اور مقامی ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے علاوہ دنیا کی کسی لیگ میں شرکت نہیں کر سکتے۔

اگر کوئی کھلاڑی دنیا کسی اور لیگ میں شرکت کرنا چاہے تو پھر اسے بھارتی بورڈ سے تمام تعلقات منقطع کرنا ہوتے ہیں اور پھر وہ آئی پی ایل اور بھارتی بورڈ کے زیر اہتمام دیگر ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کر سکتے تاہم سعودی حکومت کو امید ہے کہ وہ بھارتی بورڈ کو اپنے آئین میں ترمیم کے لیے قائل کر سکے گی۔

گزشتہ چند سالوں کے دوران سعودی عرب کی حکومت نے کھیلوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے اور فارمولا1، گالف کے ساتھ ساتھ انگلش پریمیئر لیگ کے کلب نیوکاسل یونائیٹڈ بھی خرید لیا تھا اور اب وہ کرکٹ میں بھی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی خواہاں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024