• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

شمالی کوریا کا ٹھوس ایندھن پر چلنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ

شائع April 14, 2023
جاپان، جنوبی کوریا اور امریکی حکام نے اس قدم کی سخت مذمت کی ہے: فوٹو: گیٹی امیجز
جاپان، جنوبی کوریا اور امریکی حکام نے اس قدم کی سخت مذمت کی ہے: فوٹو: گیٹی امیجز

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اس نے ایک نئے ٹھوس ایندھن پر چلنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے جو کہ اب تک کا سب سے طاقتور میزائل ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کی رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا نے اس تجربے کا خیرمقدم کیا جس کی وجہ سے جاپان میں انخلا کا مختصر حکم جاری ہوا جس کو معجزانہ کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایندھن والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل مائع ایندھن والے میزائل سے زیادی تیزی سے فائر کیے جا سکتے ہیں جہاں ان کو روکنا مشکل بنایا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کو ٹھوس ایندھن بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کو مکمل طور پر آپریشنل بنانے میں مزید وقت درکار ہے۔

رپورٹ کے مطابق کئی برس تک ٹھوس ایندھن پر مبنی کم رینج تک مار کرنے والے میزائل کا تجربہ کرنے کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ شمالی کوریا نے ٹھوس ایندھن سے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے۔

شمالی کوریا نے متعدد بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے لیکن وہ مائع پروپیلنٹ پر مبنی تھے جن میں لانچ سے قبل براہ راست ایندھن دینا لازمی ہوتا ہے جس میں کئی گھنٹے لگتے ہیں۔

ادھر جنوبی کوریا کے وزیر دفاع نے شمالی کوریا کے اس تجربے کو ٹھوس ایندھن پر مبنی بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سسٹم تیار کرنے کے پیش نظر درمیانی قدم’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیکنالوجی کوئی نئی نہیں ہے۔

اپنی اہلیہ، بہن اور بیٹی کے ہمراہ بیلسٹک میزائل کے تجربے کی نگرانی کرنے والے شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے کہا کہ ’یہ تجربہ دشمنوں کو انتہائی خوف اور اضطراب سے دوچار کردے گا۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ میزائل تجربہ شمالی کوریا کی جارحانہ فوجی اسٹریٹجی کی معاونت کرتا ہے۔

ادھر میزائل تجربے نے شمالی جاپان میں کنفیوژن پیدا کردی جہاں انخلا کا حکم نامہ جاری کیا گیا جو کہ آدھے گھنٹے بعد واپس لیا گیا۔

جاپان کے ہوکیڈو جزیرے پر اسکول تاخیر سے کھولے گئے جبکہ کچھ ٹرین سروسز بھی معطل کردی گئیں۔

جاپان، جنوبی کوریا اور امریکی حکام نے اس قدم کی سخت مذمت کی ہے۔

تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کی طرف سے نیا طاقتور ترین میزائل تجربہ کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے۔

شمالی کوریا کے لے یہ ہفتہ بہت اہم ہے جہاں وہ ملکی سربراہ کِم جونگ اُن کی اقتدار میں موجودگی کی گیارہویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ شمالی کوریا اپنے جوہری ہتھیار اور طاقتور ترین ہتھیار بڑھانے پر کام کر رہا ہے جبکہ اس نے امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں پر سخت مذمت کرتے ہوئے ان پر کشیدگی بڑھانے کا الزام عائد کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024