• KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am
  • KHI: Fajr 5:25am Sunrise 6:42am
  • LHR: Fajr 5:00am Sunrise 6:23am
  • ISB: Fajr 5:07am Sunrise 6:31am

رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران گاڑیوں کی فروخت میں 47 فیصد کمی

شائع April 12, 2023
مالی سال 2022 کے ابتدائی 9 مہینے کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 452 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں—فائل فوٹو: ڈان
مالی سال 2022 کے ابتدائی 9 مہینے کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 452 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں—فائل فوٹو: ڈان

کاروں، ہلکی کمرشل وہیکلز (ایل سی ویز)، جیپ اور پک اپس گاڑیوں کی فروخت رواں مالی سال کے ابتدائی 9 مہینے کے دوارن 47 فیصد تنزلی کے بعد ایک لاکھ 9 ہزار 466 یونٹس رہ گئی، گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران مجموعی طور پر 2 لاکھ 5 ہزار 452 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مارچ میں ماہانہ بنیادوں پر 61 فیصد اضافے کے بعد 9 ہزار 351 یونٹس ہونے کے باوجود مالی سال 2023 کے ابتدائی 9 مہینے میں گاڑیوں کی فروخت میں کمی کی وجوہات میں قیمتوں کا بڑھنا، فنانسنگ کا مہنگا ہونا اور پلانٹس کی بندش شامل ہے۔

مارچ 2023 میں گاڑیوں کی فروخت کا موازنہ پچھلے سال کے اسی مہینے سے کیا جائے تو اس میں 66 فیصد کمی ہوئی، مارچ 2022 میں 27 ہزار 202 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔

پاکستان آٹوموٹیو مینوفیکچررز (پاما) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ میں ٹرک کی فروخت 46 فیصد گر کر 279 یونٹس رہ گئی، فروری میں یہ تعداد 521 تھی جبکہ مارچ 2022 میں 500 ٹرک فروخت ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں رواں مالی سال کے ابتدائی 9 مہینے میں ٹرک کی فروخت 37 فیصد کمی کے بعد 2 ہزار 825 یونٹس رہ گئی جو گزشتہ برس کے اسی عرصے میں 4 ہزار 493 یونٹس تھی۔

مارچ میں صرف 29 بسیں فروخت ہوئیں جو فروری میں 136 جبکہ گزشتہ برس مارچ میں 65 بسیں فروخت ہوئی تھیں، جس سے ماہانہ بنیادوں پر 79 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 55 فیصد کمی ظاہر ہوتی ہے، تاہم ماہانہ بنیادوں پر کم فروخت کے باوجود مالی سال 2023 کے ابتدائی 9 مہینے میں بسوں کی مجموعی فروخت 22 فیصد بڑھ کر 557 فیصد ہو گئی، جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 458 یونٹس تھی۔

اسی طرح 49 فیصد تنزلی کے بعد 21 ہزار 233 ٹریکٹرز فروخت ہوئے، ان کی تعداد گزشتہ برس 41 ہزار 603 رہی تھی، مارچ میں 2 ہزار 984 ٹریکٹرز کی فروخت کے ساتھ ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر بالترتیب 10 فیصد اور 47 فیصد کمی ہوئی۔

موٹرسائیکلوں کی فروخت 9 لاکھ 8 ہزار 555 یونٹس ریکارڈ کی گئی، جو مالی سال 2022 کے ابتدائی 9 مہینوں کے 13 لاکھ 48 ہزار کے مقابلے میں 33 فیصد کم ہے، مارچ میں 83 ہزار 149 موٹرسائیکلیں فروخت ہوئی تھیں، یہ اعداد و شمار ماہانہ بنیادوں پر 17 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 43 فیصد کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔

مارچ میں رکشوں کی فروخت ایک ہزار 158 ریکارڈ کی گئی، جو ماہانہ بنیادوں پر 54 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 71 فیصد کمی ہے جبکہ رواں مالی سال کے ابتدائی 9 مہینے میں رکشوں کی مجموعی فروخت 16 ہزار 148 رہی، جن کی تعداد گزشتہ برس 31 ہزار 231 رہی تھی۔

ہونڈا اٹلس کار لمیٹڈ کی مارچ میں صرف 835 گاڑیاں فروخت ہوئیں، یہ اعداد و شمار ماہانہ بنیادوں پر 49 فیصد اور سالانہ بنیادوں پر 77 فیصد کمی کو ظاہر کرتے ہیں جبکہ مالی سال 2023 کے ابتدائی 9 مہینے میں مجموعی فروخت 46 فیصد تنزلی کے بعد 16 ہزار 278 یونٹس ریکارڈ کی گئی۔

ماہانہ فروخت میں 61 فیصد کمی کے بعد 118 یونٹس ہونے کے باوجود سازگار انجینئرنگ نےرواں مالی سال کے ابتدائی 9 مہیںے میں 1361 گاڑیاں فروخت کیں جبکہ گزشتہ برس 170 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) کی مارچ میں فروخت بڑے اضافے کے بعد 5 ہزار 628 ہو گئی، یہ تعداد فروری میں 978 ریکارڈ کی گئی تھی تاہم سال بہ سال فروخت 63 فیصد کم ہوئی، مالی سال 2023 میں جولائی تا مارچ کے دوران پاک سوزوکی کی فروخت 47 فیصد گر کر 57 ہزار 922 یونٹس رہی، یہ تعداد گزشتہ برس کے اسی عرصے میں ایک لاکھ 9 ہزار 419 ریکارڈ کی گئی تھی۔

ٹویوٹا گاڑیوں کے اسمبلر انڈس موٹر کمپنی نے مارچ میں 6 فیصد زیادہ یعنی ایک ہزار 912 گاڑیاں فروخت کیں، یہ تعداد فروری میں 1803 تھی تاہم سالانہ بنیادوں پر 73 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

ہونڈا موٹرسائیکلوں کے بھی 16 فیصد کمی کے بعد 71 ہزار 827 یونٹس فروخت ہوئے، یہ تعداد فروری میں 85 ہزار 47 تھی، تاہم سالانہ بنیادوں پر فروخت میں 38 فیصد کمی ہوئی، جس کے نتیجے میں مالی سال کے ابتدائی 9 مہینے میں ہونڈا کی مجموعی طور پر 7 لاکھ 69 ہزار 691 موٹرسائیکلیں فروخت ہوئیں، یہ تعداد گزشتہ برس 10 لاکھ 18 ہزار ریکارڈ کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024