• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

الیکشن کمیشن نے کراچی کی 11 یونین کمیٹیوں سمیت 93 پر ضمنی انتخابات ملتوی کردیے

شائع April 11, 2023
الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کے لیے پولنگ اب 7 مئی کو ہوگی—فائل فوٹو: اے پی پی
الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کے لیے پولنگ اب 7 مئی کو ہوگی—فائل فوٹو: اے پی پی

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ کے 26 اضلاع / 93 یونین کمیٹیوں کے 18 اپریل کو ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات رمضان کی وجہ سے ملتوی کردیے ہیں جن میں 11 کراچی کی یونین کمیٹیاں بھی شامل ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات میں حصہ لینے والی جماعتوں کی درخواست پر پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا، انتخابات کے لیے پولنگ اب 7 مئی کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ’مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے رمضان المبارک کے آخری عشرے کی وجہ سے انتخابات کی تاریخ میں توسیع کی درخواست پر غور کیا گیا اور آئین پاکستان کے آرٹیکل 219 (3) میں دیے گئے اختیارات کے ساتھ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 58 اور229 اور اس سلسلے میں دیگر اختیارات کے تحت الیکشن کمیشن آف پاکستان سندھ کے 26 اضلاع کے پہلے اور دوسرے مرحلے کے بلدیاتی حکومت کے ضمنی انتخابات کی تاریخ میں توسیع کرتی ہے، انتخابات اب 18 اپریل 2023 کے بجائے 7 مئی 2023 بروز اتوار منعقد ہوں گے۔‘

خیال رہے کہ 17 مارچ کو الیکشن کمیشن نے 26 اضلاع کی 93 یونین کونسلز میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا جس میں کراچی کی 11 یونین کونسلز بھی شامل ہیں۔

تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کراچی کی باقی یونین کونسلز میں ضمنی انتخابات کرانے سے قبل میئر کے انتخابات کا اعلان کرے، جہاں پر امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے انتخابات نہیں ہو سکے تھے۔

حکومت سندھ نے گزشتہ مہینے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا کہ ان کا بلدیاتی حکومت کی نشستوں پر ضمنی انتخابات نہ کروانے کا فیصلہ آئین سے ہم آہنگ نہیں لگتا کیونکہ یہ مقامی حکومتی اداروں کے سربراہان کے انتخابات میں رکاوٹ ہے۔

صوبائی حکومت کا مطالبہ تھا کہ الیکشن کمیشن خواتین، اقلیتوں، کسانوں، نوجوانوں اور خواجہ سراؤں کے لیے مخصوص نشستوں کے انتخابات کے ساتھ آگے بڑھے اور جلد از جلد میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخابات کرائے جائیں۔

واضح رہے کہ 21 مارچ کو ڈان کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمٰن نے شہر کی باقی 11 یو سیز میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر وفاقی اور صوبائی الیکشن حکام کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی۔

تاہم الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عدالت کو یہ بتانے پر کہ کراچی کی بقیہ 11 یونین کمیٹیوں کے انتخابات 18 اپریل کو ہوں گے، سندھ ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی کی جانب سے دائر درخواست کو نمٹا دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024