• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

دیامر بھاشا ڈیم میں تعمیراتی کام کے دوران باروی مواد پھٹنے سے 3 افراد جاں بحق

دھماکے میں ایک شدید زخمی کو گلگت جب کہ دو شدید زخمیوں کو چلاس ریجنل ہسپتال سے علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے—فوٹو: عمر باچا
دھماکے میں ایک شدید زخمی کو گلگت جب کہ دو شدید زخمیوں کو چلاس ریجنل ہسپتال سے علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے—فوٹو: عمر باچا

دیامر بھاشا ڈیم میں تعمیراتی کام کے دوران بارود نصب کے دوران دھماکے سے تین افراد جاں بحق اور سات زخمی ہو گئے۔

ایس ایس پی دیامر محمد ایاز نے ڈان ڈاٹ کام سے بات چیت میں کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم میں تعمیراتی کام کے سلسلے میں مزدور سخت چٹانی ایریا میں بارود نصب کر رہے تھے اس دوران دھماکہ ہوا۔

پولیس افسر کے مطابق اس دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو مزدور چند لمحوں بعد موقع پر ہی جب کہ ایک زخمی ہسپتال میں انتقال کر گیا جب کہ دھماکے میں سات زخمی زیر علاج ہیں۔

دھماکے میں ایک شدید زخمی کو گلگت جب کہ دو شدید زخمیوں کو چلاس ریجنل ہسپتال سے علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کیا جارہا ہے، دیگر معمولی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد چلاس ریجنل ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد کاتعلق گلگت ،ہنزہ اور نگر سے ہے جب کہ زخمیوں کا تعلق دیامر ،مانسہرہ جھنگ سمیت مختلف علاقوں سے ہے۔

ایک سوال پر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ دھماکے میں چینی انجینئرز محفوظ رہے جب کہ بارود نصب کرنے کی ذمہ داری ایک علحیدہ گروپ کے پاس ہے۔

ایس ایس پی نے بتایا کہ جب بارود نصب کیا جاتا ہے تو چینی انجینئرز اور دیکر کام کرنے والے افراد اس مقام سے کافی دور چلے جاتے ہیں۔

محمد ایاز کے مطابق واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئ ہیں اور متعلقہ ایس ایچ او اس معاملے پر چھان بین کر رہا ہے۔

چیئرمین واپڈا کی جانب سے مالی امداد کا اعلان

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سجاد غنی نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کےلئے امداد کا اعلان کیا۔

چیئرمین واپڈا کے اعلان کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 5،5 لاکھ روپے دیے جائیں گے، شدید زخمیوں کو پانچ لاکھ جب کہ معمولی زخمیوں کو دو لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاؤہ سانحے میں جاں بحق اور زخمیوں کےلئے کنٹریکٹر پاؤر چائینہ کی جانب سے پالیسی کے مطابق مکمل مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم سے ابتدائی طورپر 800 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی، مزید برآں 16 لاکھ ایکرفٹ پانی کا ذخیرہ پائیدار زراعت کو فروغ دینے میں مدد فراہم کرے گا، منصوبہ سے 6ہزار 773 ہیکٹر اراضی کو آبپاشی کے قابل بنایا جاسکے گا۔

یہ منصوبہ ملک کے لیے بہت اہمیت کاحامل ہے جس سے لوگوں کا معیارزندگی بہترہوگا اور علاقہ ترقی کرے گا، منصوبے سے پانی کے ذخائر اور غذائی سلامتی کے شعبے کو فائدہ ہوگا ۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024