• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ولیمسن آئی پی ایل میں انجری کا شکار ہو کر ون ڈے ورلڈ کپ سے باہر

شائع April 6, 2023
کین ولیمسن رواں سال لیگ کے افتتاحی میچ کے دوران ہی گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے— فوٹو بشکریہ کرک انفو
کین ولیمسن رواں سال لیگ کے افتتاحی میچ کے دوران ہی گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے— فوٹو بشکریہ کرک انفو

نیوزی لینڈ کی ون ڈے ٹیم کے کپتان کین ولیمسن انڈین پریمیئر لیگ(آئی پی ایل) کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو کر بھارتی لیگ کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر رواں سال ہونے والے ورلڈ کپ سے بھی باہر گئے ہیں۔

آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنز کی نمائندگی کرنے والے کین ولیمسن رواں سال لیگ کے افتتاحی میچ کے دوران ہی گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے اور جہاں ابتدائی تشخیص کے بعد اس بات کی تصدیق کی گئی کہ وہ لیگ کے بقیہ میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

نیوزی لینڈ پہنچنے پر انکشاف ہوا کہ نیوزی لینڈ کی ون ڈے ٹیم کے کپتان کی انجری سنگین نوعیت کی ہے اور گھٹنے سے سوزش ختم ہونے کے بعد آئندہ تین ہفتوں کے اندر ان کی سرجری کی جائے گی۔

سرجری کے نتیجے میں وہ 3 سے چھ ماہ کے لیے کرکٹ کے میدانوں سے دور ہو جائیں گے اور نتیجتاً ممکنہ طور پر ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

کین ولیمسن نے کہا کہ اس طرح انجری کا شکار ہونا انتہائی مایوس کن ہے لیکن میری توجہ سرجری اور بحالی کے عمل پر مرکوز ہے، اس میں کچھ وقت لگے گا لیکن میں جلد از جلد میدان میں واپس آؤں گا۔

کین ولیمسن کی عالمی کپ میں عدم موجودگی پچھلے ورلڈ کپ کی فائنلسٹ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے لیے بڑا دھچکا ہے کیونکہ اس ورلڈ کپ میں وہ ناصرف اپنی ٹیم کے سب سے کامیاب بلے باز تھے بلکہ اپنے عمدہ انداز قیادت سے ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔

کیوی ون ڈے ٹیم کے کپتان اب تک 161 میچوں میں 47.83 کی اوسط سے رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 13 سنچریاں بھی بنا چکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کوچ گیری اسٹیڈ نے بھی انجری پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ولیمسن صرف ایک عمدہ بلے باز ہی نہیں بلکہ بہترین قائد ہیں، ہم نے ابھی امید نہیں چھوڑی لیکن فی الوقت ان کی ورلڈ کپ میں شرکت ناممکن نظر آتی ہے۔

ولیمسن کی غیرموجودگی میں پچھلے کچھ میچوں میں ٹام لیتھم نے نیوزی لینڈ کی قیادت کی ہے اور دورہ پاکستان میں بھی وہی یہ ذمے داریاں نبھائیں گے۔

اگر ولیمسن ورلڈ کپ میں دستیاب نہ ہوئے تو ممکنہ طور پر وہ ہی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024