• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

الزام ثابت ہونے سے قبل ہی مرد کو مجرم تصور کیا جاتا ہے، اُشنا شاہ

شائع April 6, 2023
فوٹو: انسٹاگرام
فوٹو: انسٹاگرام

معروف اداکارہ اُشنا شاہ نے مرحوم اینکر عامر لیاقت اور اداکار فیروز خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب ایسی کسی مہم کا حصہ نہیں بنیں گی جس کی وجہ سے کسی کو دُکھ پہنچے۔

اداکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر نامور میزبان مرحوم عامر لیاقت کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ جس کسی نے بھی عامر لیاقت کا مذاق اڑایا اور ان کے لیے غلط الفاظ استعمال کیے اور جو لوگ عامر لیاقت کو جانتے تھے اور ان کی تکلیف سے آگاہ ہونے کے باوجود انہیں معاف نہیں کیا ان کے ہاتھوں پر مرحوم کا خون ہے۔

اداکارہ نے لکھا کہ یہ ایک ایسا جرم ہے جسے مٹایا نہیں جاسکتا لیکن اس غلطی سے ہم سبق سیکھ سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال عامر لیاقت کی تیسری اور سابقہ اہلیہ دانیہ شاہ نے مبینہ طور پر مرحوم عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کی تھی جس پر صارفین نے دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

عامر لیاقت کے دو دہائیوں پر مشتمل سیاسی کیریئر، ان کی نجی زندگی اور سوشل میڈیا پر ان کے کئی بیانات تنازعات کی وجہ بن چکے ہیں جس کے سبب انہیں ٹرولنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

یہی نہیں بلکہ گزشتہ سال اداکار فیروز خان کی سابق اہلیہ علیزہ کی جانب سے اداکار پر لگائے گئے تشدد کے الزامات اور تصاویر سامنے آنے پر متعدد شوبز شخصیات نے فیروز خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف ردِعمل دیا تھا، تاہم یہ معاملہ اب تک عدالت میں زیر سماعت ہے۔

اُشنا شاہ نے دونوں معاملات کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’میں ہمیشہ ہمارے ارد گرد ہونے والی بدمعاشی اور بداخلاقی کے خلاف آواز اٹھاتی رہوں گی جس کی وجہ سے لوگ مایوسی کی طرف چلے جاتے ہیں، میں خود اس ٹرولنگ کا نشانہ بنی ہوں اور مجھے معلوم ہے کہ یہ ذہنی صحت کے لیے کتنا خطرناک ہے اور یہ کسی کے مبینہ جرائم کی بہت بڑی سزا ہے۔‘

انہوں نے لکھا کہ میں اب کبھی کسی قسم کی مہم کا حصہ نہیں بنوں گی جس سے کسی کو دُکھ پہنچے کیونکہ ایسی مہم کے نتائج بہت خطرناک ہوتے ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ ہم ایسے دور میں رہتے ہیں جہاں ہمارا فرض ہے کہ خواتین کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں لیکن ایسا کرنے سے الزام ثابت ہونے سے پہلے ہی مرد کو مجرم تصور کیا جاتا ہے جو غلط ہے، جب تک الزام ثابت نہیں ہوتا، اس الزام کی قیمت بھی مرد کو برداشت کرنی پڑتی ہے۔

اُشنا شاہ نے کہا کہ جب تک الزام ثابت نہیں ہوجاتا تب تک ہم ملزم کو سزا نہیں دے سکتے۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ انہیں اس طرح کے معاملات میں زبردستی اُلجھایا گیا تھا۔

اسی کے ساتھ اُشنا شاہ نے اپنے جم ٹرینر اور فیروز خان کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے حدیث نبویﷺ کا ترجمہ بھی شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ رمضان رحمت بخشش اور جہنم سے نجات کا مہینہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024