• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

الیکشن کمیشن کا نیا نوٹیفکیشن جاری، پنجاب میں انتخابات کیلئے 14مئی کی تاریخ مقرر

شائع April 5, 2023
سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق انتخابات 14 مئی کو ہونے ہیں— فائل فوٹو
سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق انتخابات 14 مئی کو ہونے ہیں— فائل فوٹو

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے انتخابات کا نظرثانی شدہ شیڈول جاری کردیا، الیکشن اب 8 اکتوبر کے بجائے 14 مئی کو کرائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے یہ نظرثانی شدہ شیڈول گزشتہ روز سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے کی روشنی میں جاری کیا گیا۔

تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی 30 اپریل کی تاریخ کے بجائے الیکشن کمیشن کی جانب سے الیکشن 8 اکتوبر تک ملتوی کرنے پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

پنجاب اسمبلی کے انتخابات اس سال جنوری میں اسمبلی کی تحلیل کے بعد سے التوا کا شکار ہیں، الیکشن کمیشن نے مارچ کے اوائل میں تجویز دی تھی کہ انتخابات 30 اپریل سے 7 مئی کے درمیان کرائے جائیں اور اس کے بعد صدر عارف علوی نے کمیشن کی سفارشات کو قبول کرتے ہوئے انتخابات کے لیے 30 اپریل کی تاریخ مقرر کی تھی۔

اس تاریخ کا الیکشن کمیشن نے 8 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا لیکن بعد میں 22 مارچ کو الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ایک اور نوٹیفکیشن میں انتخابات کو 8 اکتوبر تک مؤخر کر دیا گیا تھا۔

آج جاری کردہ تازہ ترین نوٹیفکیشن میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ وہ اپنے 22 مارچ کے نوٹیفکیشن کو واپس لے رہا ہے اور 8 مارچ کے نوٹیفکیشن کو جزوی طور پر تبدیل کر رہا ہے۔

نظرثانی شدہ شیڈول کے تحت ریٹرننگ افسر کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کرنے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آخری تاریخ 10 اپریل مقرر کی گئی ہے۔

اپیلٹ ٹربیونل ان اپیلوں کا فیصلہ 17 اپریل تک کر سکتا ہے اور امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 18 اپریل تک جاری کرنی ہوگی۔

کمیشن نے کہا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے اور امیدواروں کی ایک اور نظرثانی شدہ فہرست کی اشاعت کی آخری تاریخ 19 اپریل مقرر کی گئی ہے جس کے بعد 20 اپریل تک امیدواروں کو نشانات تفویض کیے جائیں گے۔

سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق انتخابات 14 مئی کو ہونے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024