کراچی سے مبینہ طور پر لاپتا لڑکی لاہور پہنچ گئی، ’اغوا کار سے شادی‘ کا دعویٰ
کراچی میں مقیم فیملی کی جانب سے درج کروائی جانے والی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق ان کی نو عمر صاحبزادی کو ایک مہینے پہلے اغوا کیا گیا تھا، جس کا لاہور میں پتا چلا گیا جبکہ پولیس کا دعویٰ ہے کہ اس نے مشتبہ شخص سے اپنی مرضی سے شادی کرلی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شاہ فیصل پولیس نے بتایا کہ 12 یا 13 سال کی ایک لڑکی 13 فروری کو لاپتا ہو گئی تھی اور انہوں نے اہل خانہ کی شکایت پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 365 (بی) کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ اہل خانہ نے ایف آئی آر میں عبداللہ کو بطور مشتبہ اغوا کار نامزد کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے پشاور اور لاہور میں چھاپے مارے اور ایک لڑکی ملی جس نے لاہور میں مشتبہ شخص سے شادی کر لی۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کورنگی ساجد امیر سدوزئی نے دعویٰ کیا کہ لڑکی نے مبینہ طور پر مشتبہ شخص سے اپنی مرضی سے شادی کی اور نکاح نامے کی تصدیق کی جارہی ہے۔
گزشتہ برس کراچی سے ایک نوعمر لڑکی دعا زہرہ بھی اپنے گھر سے لاپتا ہو گئی تھی اور بعد ازاں پتا چلا تھا کہ اس نے پنجاب میں لڑکے سے ’شادی‘ کر لی۔