• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

امریکا: جنوبی ریاستوں میں طوفانی بگولوں سے تباہی، ہلاکتوں کی تعداد 22 ہوگئی

شائع April 2, 2023
نیشنل ویدر سروس نے امریکا کے مشرقی حصے میں گرج چمک کے ساتھ آنے والے طوفان سے متنبہ کیا ہے — فوٹو: رائٹرز
نیشنل ویدر سروس نے امریکا کے مشرقی حصے میں گرج چمک کے ساتھ آنے والے طوفان سے متنبہ کیا ہے — فوٹو: رائٹرز

امریکا کی جنوبی اور وسط مغربی ریاستوں میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارشوں سے بھرپور طوفان نے شدید تباہی مچادی جس کے نتیجے میں کم از کم 22 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ امریکا کی وسطی ریاست آرکنساس میں میں طوفانی بگولوں کے سبب تقریباً 5 افراد ہلاک ہو گئے، علاوہ ازیں حکام نے الینوائے میں 4 اور انڈیانا میں 3 اموات کی بھی اطلاع دی۔

دریں اثنا ٹینیسی کے محکمہ صحت نے مسیسیپی کی سرحد پر میک نیری کاؤنٹی میں موسم کی تباہ کاریوں کے سبب 7 اموات کی تصدیق کی، ٹینیسی ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ڈائریکٹر پیٹرک شیہان نے کہا کہ متعدد کاؤنٹیز میں زخمیوں اور نقصان زدہ عمارتوں کی تعداد کا تاحال تعین نہیں کیا جاسکا۔

فاکس نیوز نے پڑوسی ریاست مسیسیپی میں واقع پونٹوٹوک کاؤنٹی میں ایک اور ہلاکت کی اطلاع دی، دوسری جانب سرکاری ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ الینوائے میں واقع کرافورڈ کاؤنٹی میں رہائشی عمارت کے گرنے سے 3 افراد ہلاک ہو گئے۔

شمالی الینوائے کے شہر بیلویڈیر میں ایک تھیٹر کی چھت طوفان کے سبب گر گئی جہاں 260 افراد موجود تھے، ایمرجنسی مینجمنٹ کے ایک سینیئر عہدیدار ڈین زکارڈ نے کہا کہ اس واقعے میں 40 افراد زخمی ہوئے۔

اے بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈیلاویئر میں واقع سسیکس کاؤنٹی میں زوردار طوفانوں کے سلسلے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔

نیشنل ویدر سروس نے امریکا کے مشرقی حصے میں گرج چمک کے ساتھ آنے والے طوفان سے متنبہ کیا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی بندش اور 60 میل فی گھنٹہ (100 کلومیٹر فی گھنٹہ) کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے درخت گرنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ طوفانی ہواؤں نے آرکنساس میں بہت سی عمارتوں کی چھتوں اور دیواروں کو اکھاڑ پھینکا، گاڑیوں کو الٹا دیا اور کئی علاقوں میں درخت اور بجلی کے تار بھی گر گئے۔

آرکنساس کی گورنر سارہ ہکابی سینڈرز نے ریاست میں 5 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’فی الحال ہمارے یہاں 5 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے، ہمیں چند دیگر اموات کی بھی اطلاع دی گئی ہے لیکن ان کی آزادنہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے، لہٰذا ہم تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں لیکن ابھی فی الحال ہمیں 5 ہلاکتوں کی ہی تصدیق ہوسکی ہے‘۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے طوفان سے متاثرہ ریاستوں کے متعلقہ حکام اور عہدیداران سے رابطے کرکے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

واضح رہے کہ محض ایک ہفتے قبل امریکا کی جنوبی ریاست مسیسپی اور الاباما میں طوفانی بگولے کی تباہی کی وجہ سے کم از کم 26 افراد ہلاک اور 400 گھر تباہ ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024