سعودی عرب: زائرین کو مکہ لے جانے والی بس حادثے کا شکار، 20 افراد جاں بحق
سعودی عرب میں زائرین کو مکہ لے جانے والی بس حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور دو درجن سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ڈان اخبار نے غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا کہ زائرین کو مکہ لے جانے والی بس ایک پُل سے ٹکرائی، جس کے بعد اس میں آگ لگی اور 20 افراد جاں بحق اور دیگر زخمی ہوئے۔
بس حادثہ سعودی عرب کے جنوبی صوبے عسیر میں پیش آیا، جس سے زائرین کو مکہ اور مدینے جانے کے دوران محفوظ سفر کے حوالے سے درپیش خطرات نمایاں ہوگئے ہیں۔
سرکاری ’الخباریہ‘ چینل نے رپورٹ کیا کہ ’ابتدائی معلومات کے مطابق ہمیں حادثے میں 20 اموات کی اطلاع موصول ہوئی اور زخمیوں کی مجموعی تعداد 29 ہے‘۔
حادثے کے شکار افراد کے حوالے سے بتایا گیا کہ ان کا تعلق مختلف ممالک سے تھا لیکن ان کی شناخت یا دیگر تفصیلات نہیں دی گئیں۔
چینل نے بتایا کہ بس کے ساتھ ’بریک کا مسئلہ‘ پیش آیا تھا تاہم وضاحت نہیں کی جبکہ اخبار ’اوقاز‘ نے رپورٹ کیا کہ حادثہ بریکس کی وجہ سے پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق بس اس کے بعد پُل سے ٹکرا کر الٹ گئی اور آگ لگی۔