• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

وزیراعظم کی ریکوڈک منصوبے پر عملدرآمد کیلئے سپورٹ ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت

شائع March 28, 2023
مارک برسٹوو نے وزیر اعظم کو ریکوڈک منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا—تصویر: اے پی پی
مارک برسٹوو نے وزیر اعظم کو ریکوڈک منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا—تصویر: اے پی پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریکوڈک کاپر کم گولڈ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پراجیکٹ سپورٹ ٹیم تشکیل دی جائے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ریکوڈک پراجیکٹ کا 50 فیصد بیرک گولڈ کارپوریشن آف کینیڈا، 25 فیصد تین وفاقی سرکاری اداروں اور 25 فیصد بلوچستان کے پاس ہے۔

بیرک گولڈ کارپوریشن کے صدر اور سی ای او ڈینس مارک برسٹوو کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے پر عملدرآمد کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کان کنی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، توانائی، مواصلات اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

مارک برسٹوو نے وزیر اعظم کو ریکوڈک منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان سمیت پاکستان کے متعدد علاقے معدنی وسائل سے مالا مال ہیں اور حکومت ان قدرتی وسائل سے عوام کی بھلائی کے لیے بھرپور استفاد کرنے اور ان کے استعمال کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ریکوڈک پراجیکٹ پر حالیہ معاہدہ دونوں فریقوں کے لیے فائدہ مند ہوگا اور یہ منصوبہ بلوچستان کے عوام کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور صوبے میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے پر کام کرنے والے 70 فیصد افراد کا تعلق بلوچستان سے ہے۔

انہیں مزید بتایا گیا کہ بیرک گولڈ کارپوریشن نے علاقے کی کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی کے تعاون سے علاقے میں ایک اسکول قائم کیا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ علاقے کے نوجوانوں کو پیشہ ورانہ اور اعلیٰ سطح کی تعلیم دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ انہیں اس منصوبے میں ملازمتیں مل سکیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام جاری ہے اور مائننگ پراجیکٹ میں متبادل توانائی استعمال کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم نے اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کو پورا کرنے کے لیے علاقے میں فلاحی منصوبوں کے لیے مائننگ کارپوریشن کو سراہا، انہوں نے کارپوریشن کو بلوچستان میں دانش اسکولوں کے قیام کے لیے حکومت کے ساتھ کام کرنے کی دعوت دی۔

اجلاس میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی جہانزیب خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024