• KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:33pm Asr 4:15pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:29pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہر سال بڑھتی نظر آرہی ہے، ڈونلڈ بلوم

شائع March 21, 2023
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے— فوٹو: امریکی سفارتخانہ
ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے— فوٹو: امریکی سفارتخانہ

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا، پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور ہر سال امریکی سرمایہ کاری پاکستان میں بڑھتی ہوئی نظر آرہی ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وہ اسلام آباد میں ’یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو‘ سے خطاب کر رہے تھے جس میں امریکی حکومت کے زیر اہتمام پاکستانی اسٹارٹ اپس کی کامیابی کی کہانیاں پیش کی گئیں۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی حکومت کی اولین ترجیحات میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینا اور امریکا اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کرنا شامل ہے۔

ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ ’ابھی بھی سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی گنجائش ہے اور اس کوشش میں کاروباری افراد مرکزی حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کا حامل ملک ہے لیکن اسے ترقی کے مزید مراحل تک لے جانے کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔

19 مارچ کو ختم ہونے والی دو روزہ ایکسپو میں کامیاب اسٹارٹ اپس کو کاروباری آئیڈیاز اور پروٹو ٹائپس کی نمائش کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا گیا اور امریکا اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے وینچر کیپیٹلسٹ اور سرمایہ کاروں کے ساتھ روابط قائم کرنے کا موقع فراہم کیا۔

’ایشیا فاؤنڈیشن پاکستان‘ کے سینیئر مشیر حارث قیوم نے پاکستانی سٹارٹ اپس کی کامیابی کو اجاگر کرنے کے لیے امریکی سفارت خانے اور نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے ساتھ جاری تعاون کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ’یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو‘ پاکستان کے متحرک ٹیک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اہم پلیٹ فارم ہے، یہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تجارت، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور تکنیکی جدت کی نمائش ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹیک ایکو سسٹم کو سپورٹ کرنے کے لیے ’ایشیا فاؤنڈیشن‘ مشترکہ کوششوں کے لیے پرعزم ہے، ایشیا فاؤنڈیشن کو ایسے اقدامات پر شراکت داری کا اعزاز حاصل ہے جو کاروبار اور جدت کو اہمیت دیتے ہیں، پاکستان کی پائیدار اور جامع ترقی میں تعاون کرنا ہمارا مقصد ہے۔

ایکسپو میں وینچر کیپیٹلسٹ اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک اسپیکر سیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ایک امریکی ماہر نے کی، پاکستان، مشرق وسطیٰ اور امریکا کے کاروباری رہنماؤں اور سرمایہ کاروں نے اس تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی سٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں دستیاب مواقع اور چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا۔

نیشنل انکیوبیشن سینٹر کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پرویز عباسی نے کہا کہ وہ ’یو ایس پاکستان انوویشن ایکسپو‘ کے نتیجہ خیز نتائج دیکھ کر بہت خوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی طاقت اور اُن لامتناہی امکانات کا مظہر ہے جو اُس وقت پیدا ہوتے ہیں جب ہم اپنی صلاحیتوں اور وسائل کو یکجا کرتے ہیں۔

ایکسپو میں موجود مندوبین نے اس تقریب کے لیے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے امریکا اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے مزید مواقع اور ممکنہ تجارتی شراکت داری کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024