• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اسامہ سے صرف دوستی ہے، لوگ سمجھتے ہیں ہماری شادی ہو چکی، زینب شبیر

شائع March 20, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

ٹیلی وژن کی ابھرتی ہوئی اداکارہ زینب شبیر نے ساتھی اداکار اسامہ خان سے تعلقات اور رشتے سے متعلق ایک بار پھر کھل کر بات کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ان کی اداکار سے صرف دوستی ہی ہے۔

زینب شبیر اور اسامہ خان نے ایک ساتھ اداکاری کی شروع کی تھی اور دونوں متعدد منصوبوں میں ایک ساتھ کام بھی کر چکے ہیں جب کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی ایک ساتھ تصاویر شیئر کرتے رہتے ہیں۔

دونوں کو انتہائی قریب سے دیکھنے کے بعد آئے دن سوشل میڈیا پر ان کے تعلقات اور رشتے کی افواہیں پھیلتی رہتی ہیں اور زیادہ تر لوگوں کا لگتا ہے کہ دونوں نے خفیہ طور پر شادی کر رکھی ہے۔

ماضی میں بھی دونوں اداکار اس معاملے پر ٹی وی انٹرویوز میں کھل کر باتیں کر چکے ہیں، تاہم اب ایک بار پھر زینب شبیر نے اسی معاملے پر بات کی ہے۔

اداکارہ نے ’ایاز سموں‘ کے شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی اداکاری کے آغاز، اسامہ خان سے دوستی اور اداکارہ بننے کے بعد آنے والے رشتوں کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے انٹرنیٹ پر ڈراموں کے آڈیشن سے متعلق پوسٹ پڑھ کر بچپن کے ایک دوست کے ہمراہ پروڈکشن ہاؤس کا رخ کیا، جہاں اتفاق سے ان کا آڈیشن اچھا گیا اور انہیں کاسٹ کرلیا گیا۔

ان کے مطابق انہیں زیادہ محنت نہیں کرنی پڑی، تاہم جب وہ پہلے ڈرامے میں اداکاری کرنے پہنچیں تو ان سمیت تمام نئے اداکاروں سے متعلق کہا گیا کہ تمام اداکار پرچی پر آئے ہیں، جب کہ سب آڈیشن دے کر ہی کاسٹ کیے گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اداکاری کے آغاز سے قبل کبھی ٹک ٹاک ویڈیو تک نہیں بنائی تھی اور انہیں اداکاری اور شوبز سے متعلق کچھ معلومات نہیں تھی اور انہیں شوٹنگ کے معاملات سمجھنے میں بھی کافی وقت لگا۔

اداکارہ بننے کے بعد گھر پر آنے والے رشتوں پر بات کرتے ہوئے زینب شبیر نے انکشاف کیا کہ ان کے لیے ہر آئے دن رشتے آتے ہیں۔

اداکارہ کے مطابق ان کے لیے بہت رشتے آچکے ہیں، جنہیں ان کی والدہ منع کر چکی ہیں۔

زینب شبیر کے مطابق دبئی سمیت بیرون ممالک سے بھی رشتے آئے لیکن ان کی والدہ نے منع کردیا۔

انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ دبئی سے آئے ہوئے رشتے میں ان کے لیے چاکلیٹ بھی بھجوائے گئے، تاہم لڑکے کی تصویر نہیں بھجوائی گئی، جس پر ان کی والدہ نے منع کردیا۔

شادی کیسے شخص سے کریں گی؟ کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ سچے اور مخلص انسان سے شادی کریں گی، انہیں پیسوں وغیرہ کا کوئی لالچ نہیں۔

ساتھی اداکار اسامہ خان سے تعلقات اور دوستی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر اداکارہ نے ہنستے ہوئے کہا کہ ابھی تک اداکار سے ان کی صرف دوستی ہی ہے۔

زینب شبیر نے اعتراف کیا کہ اسامہ خان اور ان کے درمیان بہتر تعلقات ہیں، وہ بہترین دوست ہیں اور اپنی دوستی خراب نہیں کرنا چاہتے۔

ان کے مطابق لوگوں نے خود سے سوچ رکھا ہے اور تصور کرتے ہیں کہ اسامہ خان اور زینب شبیر نے شادی کرلی ہے، تاہم ایسا نہیں ہے۔

اداکارہ نے مثال دی کہ جس طرح بولی وڈ اداکارہ کاجول اور شاہ رخ خان کی جوڑی کو پسند کرکے کہا جاتا تھا کہ وہ شادی کریں گے، تاہم ایسا نہیں ہوا، اسی طرح ان کے معاملے میں بھی لوگ خود سے ہی تصور کرتے ہیں کہ ان کی اور اسامہ کی شادی ہوچکی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024