• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

وزیراعظم کا موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیوں کیلئے پیٹرول پر 50 روپے فی لیٹر سبسڈی کا اعلان

شائع March 19, 2023 اپ ڈیٹ March 20, 2023
وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی— فائل فوٹو: رائٹرز
وزیر اعظم نے کہا کہ پیٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی— فائل فوٹو: رائٹرز

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے موٹر سائیکل، رکشا اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے پیٹرول پر فی لیٹر 50 روپے سبسڈی دینے کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کم آمدن پیٹرولیم صارفین کے لیے ریلیف پیکیج پر جائزہ اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کم آمدن والے غریب عوام کے لیے 50 روپے فی لیٹر تک پیٹرولیم ریلیف پیکیج دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم سبسڈی میں موٹر سائیکل، رکشا کے علاوہ 800 سی سی سمیت دیگر چھوٹی گاڑیاں استعمال کرنے والے تمام کم آمدن صارفین کو شامل کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پیٹرولیم سبسڈی کا عملی پروگرام جلد از جلد مکمل کیا جائے اور سبسڈی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ موٹر سائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑیاں کم آمدن والے غریب عوام کی سواری ہے اور اس طرح کی پیٹرولیم سبسڈی براہ راست غریب عوام کے ریلیف کا باعث بنے گی۔

انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شدید معاشی مشکلات کے باوجود غریب عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے کوشاں ہے۔

دوران اجلاس وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے اجلاس کو کم آمدن افراد تک پیٹرولیم سبسڈی کی فراہمی کی حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اسحٰق ڈار، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری پیٹرولیم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ حکومت نے 15 مارچ کو ہی پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اضافے کا اعلان کیا تھا۔

اس سے قبل گو کہ 28 فروری کو وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا لیکن اس سے پہلے 16 فروری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ کیا گیا تھا۔

روپے کی گرتی ہوئی قدر کے پیش نظر حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں 22.20 روپے اور ڈیزل 17.20 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024