• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

لاڈلے کو رعایت دے کر ملک میں قانون کی بالادستی قائم نہیں ہوسکتی، مریم اورنگزیب

شائع March 19, 2023
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اگر عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی تو تمام ریاست طاقت موجود تھی — فوٹو: ڈان نیوز
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت اگر عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی تو تمام ریاست طاقت موجود تھی — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اگر کسی کا یہ خیال ہے کہ ایک لاڈلے کو رعایت دے کر ملک میں قانون کی بالادستی قائم ہوسکتی ہے تو یہ ایک غلط فہمی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت عمران خان کا ڈالا ہوا معاشی گند صاف کر رہی ہے، ان کے آئی ایم ایف کے ساتھ طے کردہ معاہدے پر مذاکرات کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے عوام مشکلات کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اگر عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی تو تمام ریاست طاقت، ریاستی ہتھیار اور ٹولز موجود تھے جس سے عمران خان کو آتے ہی گرفتار کرلیا جاتا، مگر اس پورے عمل میں قانون نےاپنا راستہ طے کیا، توشہ خانہ سے لے کر فارن فنڈنگ تک تمام کیسز عدالتوں کے اندر زیر سماعت ہیں جہاں عمران خان پیش نہیں ہو رہے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ اگر واقعی حکومت کا عمران خان کو گرفتار کرکے قتل کرنے کا پلان تھا تو کل کیا ہوا؟ ہم کہتے تھے کہ جب بھی عمران خان عدالت میں پیش ہوں گے تو یہ لوگ سرکاری املاک کو نقصان پہنچائیں گے اور کل یہی ہوا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال سیاسی دہشت گرد والا کردار ادا کیا، عمران خان اقتدار کے چھن جانے سے پاگل ہوچکے ہیں، عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے، ان کے پاس جواب نہیں اس لیے پورے ملک کو جلا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کا یہ خیال ہے کہ ایک لاڈلے کو رعایت دے کر ملک میں قانون کی بالادستی قائم ہوسکتی ہے تو یہ ایک غلط فہمی ہے، انصاف، قانون اور عدلیہ کی پراسرار خاموشی ملک کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے عوام سے کیے گئے تمام وعدے جھوٹ تھے، یہ شخص چور بھی ہے اور جھوٹا بھی، ہم کہہ رہے تھے یہ ریاستی رٹ کے اوپر حملہ آور ہوں گے، کل عوام نے یہی سب دیکھا، کل یہ ہتھیاروں اور جتھوں سے لیس ہو کر اسلام آباد پہنچے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالتوں سے رعایتوں کا بنڈل پیکج لے کر جارہے ہیں، آج تک کس کو یہ رعایت ملی ہے کہ وہ لاہور سے اسلام آباد تک دہشت گرد اور غنڈے لے کر پہنچے اور عدالت اسے کہے کہ آپ گاڑی میں بیٹھیں، وہیں آپ کی حاضری لی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تاریخ میں سب سے تیز ریلیف عمران خان کو ملا، پرسوں 8 منٹ میں عمران خان کی 8 ضمانتیں منظور ہوئیں، عدالتی تاریخ میں ایسی سہولت کسی کو نہیں دی گئی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عدالت نے عمران خان کو ریلیف دے کر پولیس کی رٹ کا قتل کیا، چڑیا کے پر مارنے پر سوموٹو لینے والی عدالتیں آج موجود نہیں ہیں، آج ملک میں جو جنگل کا قانون ہے اس کا ذمہ دار عمران خان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024