• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر شوبز شخصیات کا غم و غصے کا اظہار

شائع March 15, 2023
— فوٹو: انسٹاگرام
— فوٹو: انسٹاگرام

سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گزشتہ رات سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں انہیں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

پولیس اور رینجرز کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مسلسل دوسرے روز گرفتار کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، کئی گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی اسلام آباد پولیس زمان پارک سے عمران خان کو اب تک گرفتار نہ کرسکی۔

زمان پارک میں پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ کی جارہی ہے، متعدد شیل عمران خان کی رہائش گاہ کے اندر بھی گرے ہیں، واٹر کینن کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس اور رینجرز پر پتھراؤ کیا جارہا ہے، پتھراؤ سے پولیس اہلکاروں سمیت رینجرز اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

گرفتاری کی کوشش ناکام بنانے کے لیے عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچنے کی کال دی تھی۔

تاہم دوسری جانب پاکستانی شوبز شخصیات بھی عمران خان کے حق میں سامنے آگئے اور سوشل میڈیا پر عمران خان کی گرفتاری پر غم و غصے کا اظہار کیا۔

اداکار عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ ’ملک بھر سے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو ایک جذبہ اور لگن کے ساتھ ایک مقصد کے لیے اکٹھا ہوتے دیکھنا حیران کن ہے، ہمارے ملکی تاریخ میں ایک لیڈر کے لیے اس طرح کی حمایت بے مثال ہے۔‘

پی ٹی آئی کے صوبائی اسمبلی کے اہلیہ اور معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ عمران خان کی حفاظت کرے اور پاکستان کے لیے ان کی کوششوں کو کامیاب کرے، جیسا عمران خان کے ساتھ سلوک کیا جارہا، کوئی بھی اس کا مستحق نہیں ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پرفیکٹ نہیں ہے، ہوسکتا ہے کہ ان میں بہت سی خامیاں ہوں لیکن ان کا دل صاف ہے جس کی وجہ سے انہیں آزمائشوں کا سامنا ہے اور ہمیں ان کا ساتھ دینا چاہیے، دوسرے لوگ صرف باتیں کرتے ہیں لیکن عمران خان کام کرکے دکھاتا ہے، مخلص ہونے کی وجہ سے ہراساں کیا جانا اور سزا دینا ناانصافی ہے جسے ہم کبھی قبول نہیں کرتے۔

اداکارہ مایہ علی اور یوٹیوبر شاہویر جعفری نے بھی ملکی صورتحال پر افسوس کا اظہار اور عمران خان کی حمایت کا اظہار کیا۔

اداکارہ مریم نفیس نے پنجاب پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ آپ کے لوگ ہیں، یہ آپ کا ٹیکس دینے والے ہیں، آپ ان کے ملازم ہیں‘۔

اداکار اور گلوکار فرحان سعید نے بھی اس حوالے سے عمران خان کی حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’قوم کے سب سے پسندیدہ اور مقبول لیڈر کو اپنی قوم سے دور رکھنے والے سن لیں! ایسا کرنے سے آپ اس قوم کو ہمیشہ کے لیے ایک ہجوم بنا دیں گے‘۔

فرحان سعید نے کہا کہ ’وہ اور بات ہے اگر آپ چاہتے ہی یہ ہیں لیکن اللہ نے اس قوم کا مقدر کچھ اور لکھا ہے، ان شااللہ‘۔

فرحان سعید نے ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’جب عمران خان وزیر اعظم بنے تھے تو اداکاروں اور کھلاڑیوں کی جانب سے ڈھیروں مبارک باد کے پیغامات جاری کیے گئے یہاں تک کہ یہ لوگ عمران خان سے ملاقات کرنے بھی گئے لیکن آج یا تو انہوں نے عمران خان کے بارے میں اپنی رائے بدل لی ہے جو کہ یہ سب کا حق ہے یا وہ بولنے سے گھبرا رہے ہیں جو کہ تشویشناک بات ہے۔

اداکار و ڈاکٹر فہد مرزا نے پولیس کی کارروائیوں اور ظلم و بربریت کی مذمت کی۔

پولیس کی عمران کو گرفتار کرنے کی کوشش کے دوران زمان پارک گزشتہ 15 گھنٹے سے زائد وقت تک میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے واضح طور پر’گرفتاری’ کا دعویٰ محض ایک ڈرامہ تھا جب کہ اصل نیت اغوا اور قتل کی ہے، آنسو گیس اور آبی توپوں کے بعد اب یہ سیدھی فائرنگ پر اتر آئےہیں۔

عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آیا آپ کا تصورِ غیر جانبداریت یہ ہےکہ نہتے مظاہرین اور ملک کی سب سےبڑی جماعت کے قائدین، جن کے رہنما کو ایک غیرقانونی وارنٹ کاسامنا ہے ، معاملہ پہلے ہی عدالت میں ہو اور مجرموں کی حکومت اغوا کرکے ممکنہ طور پر اسے قتل کرنے کے لیے کوشاں ہو، کہ مدِمقابل رینجرز آن کھڑے ہوں؟

حکام کے مطابق اب تک 54 پولیس اہلکار شدید زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ 32 اہلکاروں کو ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد دی ہے اور پی ٹی آئی کے متعدد کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024