لیڈر نہیں، چور اور ڈاکو گرفتاری کے ڈر سے چھپتے ہیں، مریم نواز
مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ چور اور ڈاکو ضرور چھپتے ہیں لیکن میں نے کبھی کسی سیاسی لیڈر کو گرفتاری کے ڈر سے چھپتے نہیں دیکھا اور نہ سنا کہ کبھی کوئی لیڈر گرفتاری کے ڈر سے چھپ کر بیٹھا ہو۔
شیخوپورہ میں تنظیمی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال میں جتنا کڑا وقت اور امتحان نواز شریف پر آیا، کیا نواز شریف ایک دن بھی گھبرا کر چھپ گیا، اس نے اپنے کارکنوں کو اپنی ڈھال نہیں بنایا، اس نے آپ کو سڑکوں پر ڈنڈے کھانے نہیں چھوڑا، وہ گرفتاری دینے پاکستان آیا اور کہا کہ اگر کسی کو قربانی دینی ہے تو وہ نواز شریف دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ چور اور ڈاکو ضرور چھپتے ہیں لیکن میں نے کبھی کسی سیاسی لیڈر کو گرفتاری کے ڈر سے چھپتے نہیں دیکھا، کبھی سنا کوئی لیڈر گرفتاری کے ڈر سے چھپ کر بیٹھا ہو، عدالت بلاتی ہے تو پلاسٹر والی ٹانگ دکھا دیتا ہے، کل توشہ خانہ کیس میں عدالت نے بلایا تو اس نے کہا کہ میں نہیں آ سکتا، میری جان کو خطرہ ہے لیکن اسی شام لاہور میں ریلی کے لیے نکل گیا، یہ جان کو کیسا خطرہ ہے جو عدالتوں میں تو لاحق ہو جاتا ہے لیکن ریلی اور جلسے جلوسوں میں نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ کل عمران خان کو لاہور نے مسترد کردیا، ان کی ننھی منی سی ریلی تھی، کل پورے لاہور کی گلیاں اور سڑکیں سونی تھیں، یہ چکر لگاتا رہا لیکن عوام نہیں آئے، لاہور اس لیے نہیں نکلا کیونکہ کوئی ماں اپنا بیٹا اس کے لیے شہید کرانے کے لیے اب تیار نہیں ہے۔
مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر نے کہا کہ ضل شاہ کئی ہفتوں اس کے گھر کے باہر بیٹھ کر اس کی حفاظت کرتا رہا لیکن اس نے اس سے ہاتھ تک نہیں ملایا، ظل شاہ جاتے جاتے پوری قوم کو عمران خان کا مکروہ چہرہ دکھا کر گیا۔
انہوں نے کہا کہ کل ظل شاہ کے والد ٹی وی پروگرام میں کہہ رہے تھے کہ عمران کو پتا چلا کہ میرا بیٹا شہید ہو گیا ہے تو ابھی میرے بیٹے کی لاش ہسپتال میں پڑی تھی، مجھے بلایا اور کہا کہ مجھے افسوس کرنا ہے، میں سمجھا کہ مجھے ہسپتال لے کر جا رہے ہیں لیکن مجھے عمران کے پاس لے گئے اور ڈھائی گھنٹے انتظار کرایا، اندازہ کرو اس کا بیٹا شہید ہو گیا، اس کی میت ہسپتال میں پڑی تھی اور اس کے باپ کو بلا کر ڈھائی گھنٹے انتظار کرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کہتے ہیں کہ مریم نواز بدتمیز اور بے ادب ہے لیکن مریم نواز کی پرورش نواز شریف جیسے باپ اور کلثوم نواز جیسی ماں نے کی ہے، مریم نواز نہ بدتمیز ہے، نہ بے ادب ہے لیکن نواز شریف اور کلثوم نواز نے مجھے جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا سکھایا ہے، ثاقب نثار صاحب مریم نواز نہ بے ادبی کررہی ہے نہ بدتمیزی کررہی ہے، صرف تمہارا گھناؤنا چہرہ تمہیں آئینے میں دکھا رہی ہے جسے دیکھ کر تمہیں شرم آ رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اگر ناانصافی ہو گی اور انصاف کے دو معیار ہوں گے تو مریم نواز کبھی چپ نہیں بیٹھے گی، وہ گھبرانے والی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن آنے والا ہے اور نواز شریف کی جماعت الیکشن لڑنے کے لیے نہیں بلکہ جیتنے کے لیے میدان میں اتر چکی ہے، مسلم لیگ(ن) صرف الیکشن لڑے گی یا جیتے گی نہیں بلکہ بھاری اکثریت سے کامیابی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز شریف کے ساتھ انصاف نہیں ہو گا، مسلم لیگ(ن) ایسا الیکشن کبھی نہیں چاہے گی، انصاف کے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کرو اور صبح الیکشن کرادو، مسلم(ن) تب بھی جیتے گی لیکن یہ نہیں ہو سکتا کہ بے گناہ نواز شریف ابھی بھی سزائیں بھگتے اور دوسری طرف مجرم عمران خان دندناتا پھرے، ایسے حالات میں الیکشن نہیں ہوں گے۔