• KHI: Fajr 5:26am Sunrise 6:44am
  • LHR: Fajr 5:02am Sunrise 6:25am
  • ISB: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am
  • KHI: Fajr 5:26am Sunrise 6:44am
  • LHR: Fajr 5:02am Sunrise 6:25am
  • ISB: Fajr 5:09am Sunrise 6:34am

سندھ اور پنجاب میں پولیو مہم کا آغاز

شائع March 13, 2023
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

سندھ اور پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 2 کروڑ 15 لاکھ سے زیادہ بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ساتویں قومی مردم شماری کی سرگرمیوں کی وجہ سے پانچ روزہ پولیو مہم دو مراحل میں منعقد کی جا رہی ہے۔

پہلے مرحلے میں 13 سے 17 مارچ کے دوران پنجاب کے 13 اضلاع، سندھ اور اسلام آباد کے 16 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے ایک کروڑ 74 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، دوسرا مرحلہ 3 سے 7 اپریل تک ہوگا۔

رمضان کے دوسرے ہفتے میں بلوچستان کے 12 اضلاع اور خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع بشمول صوبے کے جنوبی سات اضلاع میں 41 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے والدین پر زور دیاکہ وہ اپنے بچوں کوپولیو ویکسین دیں تاکہ وہ پولیو وائرس سے محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماحول میں پولیو وائرس کی موجودگی سے پتا چلتا ہے کہ یہ وائرس ہماری کمیونٹیز میں گردش کر رہا ہے اور ہمارے بچوں کے لیے سنگین خطرہ ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ رمضان اور عید قریب آنے کے ساتھ آبادی کی نقل و حرکت وائرس مزید پھیلنے کا خطرہ بڑھا سکتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ والدین اپنے بچوں کو نہ صرف اس مہم میں بلکہ ہر مہم میں انسداد پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے عہدیدار ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ ہم نے مارچ کی اس مہم کو خاص طور پر ان علاقوں تک پہنچنے کے لیے منعقد کیا ہے جہاں رمضان اور عید کے تہوار کے دوران بھی زیادہ آمدورفت متوقع ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کے لیے زیادہ سے زیادہ بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنائیں۔

قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر سے جاری بیان میں ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ پاکستان میں ستمبر 2022 کے بعد سے کوئی پولیو کیس رپورٹ نہیں ہوا، گزشتہ سال پولیو کی وبا نے 20 بچوں کو معذور کر دیا تھا۔

رواں برس جنوری میں لاہور کے دو الگ الگ مقامات سے ماحولیاتی نمونوں میں پہلی بار پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے مزید دو نمونوں میں پولیو کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

ان میں ڈیرہ اسمٰعیل خان اور گھوٹکی کے ماحولیاتی نمونہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 اور 24/7 واٹس ایپ ہیلپ لائن 7774665- 0346 والدین کی رہنمائی کریں گے، والدین ویکسین سے متعلقہ کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے رابطہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا کر اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 8 نومبر 2024
کارٹون : 7 نومبر 2024