• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی کنگز آخری لیگ میچ میں کامیاب، لاہور قلندرز کو 86 رنز سے شکست

شائع March 13, 2023
لاہور قلندرز کے بلے باز کراچی کنگز کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکے— فوٹو: ٹوئٹر
لاہور قلندرز کے بلے باز کراچی کنگز کی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکے— فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کے آخری لیگ میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 86 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کئی میچوں کے بعد کراچی کنگز نے حیدر علی کو موقع فراہم کیا لیکن وہ ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہوئے اور صرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اس مرحلے پر طیب طاہر اور محمد اخلاق وکٹ پر یکجا ہوئے اور اسکور کو 79 تک پہنچا دیا لیکن طیب 40 رنز بنانے کے بعد حسین طلعت کی وکٹ بن گئے جبکہ اسی اوور میں نئے بلے باز قاسم اکرم بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

محمد اخلاق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور 51 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی وکٹ بن گئے۔

117 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد عماد وسیم اور بین کٹنگ نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 52 رنز کی ساجھے داری بنائی، عماد وسیم نے ایک مرتبہ اچھی باری کھیلتے ہوئے 45 رنز بنائے۔

اختتامی اوورز میں بین کٹنگ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 14 گیندوں پر 33 رنز بنائے جس کی بدولت کراچی کنگز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان، حارث رؤف اور حسین طلعت نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں فخر زمان اور عبداللہ شفیق کی صورت میں لاہور قلندرز کی ٹیم کو ابتدا میں ہی دو بڑے نقصان اٹھانے پڑے۔

کامران غلام اور سیم بلنگز بھی صرف 11، 11 رنز کے بعد چلتے بنے جبکہ ڈیوڈ ویزے کی اننگز صرف دو رنز پر تمام ہوئی۔

حسین طلعت نے 25 رنز کی اننگز کے ساتھ کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو ان مشکلات سے نکالنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

لاہور قلندرز کی پوری ٹیم کراچی کنگز کی باؤلنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 110 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے عماد وسیم، عاکف جاوید، محمد عمیر اور عمران طاہر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

51 رنز کی اننگز کھیلنے والے کراچی کنگز کے بلے باز محمد اخلاق کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024