ستیش کوشک کی موت کی تحقیقات، فارم ہاؤس سے مشکوک ادویات برآمد
دہلی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جس فارم ہاؤس میں بھارتی اداکار ستیش کوشک کی موت واقع ہوئی تھی وہاں سے مشکوک ادویات برآمد ہوئی ہیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق ہولی کھیلنے کے بعد دہلی کے علاقے بجواسن کے جس فارم ہاؤس پر ستیش کوشک نے دیگر اداکاروں کے ہمراہ پارٹی کی تھی وہاں سے ’مشکوک ادویات‘ برآمد ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ اسی فارم ہاؤس میں ستیش کوشک دل کا دورہ پڑنے کی وجہ بے ہوش ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں ہسپتال لے جایا گیا تاہم ان کی موت واقع ہوگئی، یہ فارم ہاؤس ستیش کوشک کے قریبی دوست وکاس مالو کا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی پولیس ان مشکوک ادویات کی تحقیقات کر رہی ہے، اس کے علاوہ پولیس ان 10 سے 12 لوگوں کی فہرست بھی تیار کر رہی ہے جو ہولی کھیلنے کے لیے فارم ہاؤس میں موجود تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ادویات کو ٹیسٹ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے البتہ ستیش کوشک کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس بات کا تعین کیا جاسکے گا کہ آیا ان ادویات کا اداکار کی موت سے کوئی لینا دینا ہے یا نہیں، تاہم قبل ازیں ڈاکٹرز نے ستیش کوشک کی موت کو حرکت قلب بند ہونے کی وجہ قرار دیا ہے۔
پولیس نے اس معاملے کی کئی زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے، خیال کیا جا رہا ہے کہ موت کی وجہ جلد واضح ہو جائے گی۔
میرے شوہر نے ستیش کوشک کو قتل کیا، سانوی مالو
دوسری جانب فارم ہاؤس کے مالک اور ستیش کوشک کے دوست وکاس مالو کی اہلیہ سانوی مالو نے اپنے شوہر پر اداکار کے قتل کا الزام لگادیا۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق سانوی مالو نے اپنے خط میں پولیس کمشنر کو بتایا ہے کہ ستیش کوشک نے ان کے شوہر کو 15 کروڑ روپے کا قرض دیا تھا، اس رقم کی واپسی کے لیے ایک بار بیرونِ ملک ملاقات بھی ہوئی اور اس ملاقات کے دوران کافی تلخ کلامی کے بعد وکاس نے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا۔
سانوی نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے مزید بتایا کہ چونکہ اداکار ان کے شوہر کے فارم ہاؤس میں بیمار ہوئے تھے، اس لیے اُنہیں شک ہےکہ وکاس نے رقم واپسی کا مطالبہ کرنے پر مشکوک ادویات دے کر اُنہیں قتل کر دیا۔
خیال رہے کہ نامور بھارتی اداکار اور ہدایت کار کی موت کی خبر کے بعد بولی وڈ کے سینئر اداکاروں کی جانب سے شدید غم اور افسوس کا اظہار کیا گیا تھا۔
9 مارچ کو بھارتی میڈیا کی جانب سے رپورٹ کیا گیا کہ سینئر اداکار ستیش کوشک 66 برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔
بھارتی اخبار ’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق اداکار کا انتقال نئی دہلی میں کار میں سفر کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔
ستیش کوشک اپنی موت سے دو روز قبل بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کے گھر ہولی منا رہے تھے، انہوں نے ٹوئٹر پر تصاویر بھی جاری کی تھیں۔