• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سلطانز اور گلیڈی ایٹرز کے میچ میں رنز کا انبار، نیا عالمی ریکارڈ قائم

شائع March 12, 2023
عثمان خان صرف 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
عثمان خان صرف 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں رنز کے انبار کے ساتھ نئے عالمی ریکارڈ کے ساتھ ساتھ کئی ریکارڈز پاش پاش ہو گئے۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے شان مسعود کی جگہ عثمان خان کو بیٹنگ کا موقع فراہم کیا اور انہوں نے پہلے ہی میچ میں اپنا انتخاب درست ثابت کرتے ہوئے سنچری جڑ دی۔

عثمان نے پہلے ہی اوور سے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور 22 گیندوں پر نصف سنچری کی۔

نوجوان بلے باز نے اسی پر بس نہ کیا اور بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سنچری کی جانب تیزی سے پیش قدمی جاری رکھی بالخصوص قیس احمد کے دو اوورز میں 54 رنز لوٹے۔

محمد حسنین اور نسیم شاہ کی خدمات سے محروم گلیڈی ایٹرز کی باؤلنگ بے دانت کی شیر اور سلطانز کے سامنے بالکل بے بس نظر آئی۔

عثمان کی جارحانہ بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے ففٹی سے سنچری کا فاصلہ صرف 14 گیندوں میں طے کیا اور صرف 36 گیندوں پر سنچری بنا کر پاکستان سپر لیگ کی تیز ترین سنچری کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف ملتان سلطانز کے ہی رائلی روسو نے اپنا سابقہ ریکارڈ توڑتے ہوئے 41 گیندوں پر سنچری بنا کر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا تھا۔

تاہم عثمان خان نے محض 24 گھنٹوں کے اندر ہی یہ ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے 36 گیندوں پر سنچری جڑ دی۔

عثمان خان نے بہترین اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ کپتان محمد رضوان کے ہمراہ صرف 10 اوورز میں پہلی وکٹ کے لیے 157 رنز کی شراکت قائم کی۔

عثمان خان نے صرف 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز کی اننگز کھیلی۔

عثمان کی انفرادی کارکردگی کے علاوہ دونوں ٹیموں نے بھی اپنی پرفارمنس سے میچ میں کئی ریکارڈز توڑ دیے۔

ملتان سلطانز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنا کر پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں کامیاب تو نہ ہو سکی لیکن اس نے بھی بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعہ اسکور کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 253رنز بنائے۔

اس میچ میں مجموعی طور پر 515 رنز بنے جو اب تک پاکستان سپر لیگ کی تاریخ میں بننے والا سب سے بڑا اسکور ہے۔

ناصرف پی ایس ایل بلکہ 515 رنز کا یہ اسکور اب تک دنیا بھر میں کھیلے گئے 12ہزار ٹی20 میچوں بننے والا سب سے بڑا اسکور ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024