• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

رہنما مسلم لیگ (ن) نے ’رضاکارانہ طور پر‘ اسحٰق ڈار کی جگہ سنبھالنے کی پیشکش کردی

شائع March 11, 2023
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے—فوٹو: نیشنل اسمبلی ویب سائٹ
قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے—فوٹو: نیشنل اسمبلی ویب سائٹ

معیشت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں حکومت کی معاشی ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اس صورتحال میں مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سینیئر سیاستدان قیصر احمد شیخ نے رضاکارانہ طور پر وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کی جگہ اپنی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق چنیوٹ سے 3 بار منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ کئی برسوں تک قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ معاشی معاملات اب اسحٰق ڈار کے کنٹرول سے باہر ہو گئے ہیں، ملک ڈیفالٹ کی جانب بڑھ رہا ہے جبکہ حکومت اپوزیشن کو قابو کرنے اور ان کے خلاف مقدمات بنانے میں مصروف ہے۔

گزشتہ روز میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ حکومت عوام سے اپنے وعدے کے مطابق معیشت کو بحال کرنے اور مہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔

فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ کی جانب سے انہیں لکھے گئے خط کا حوالہ دیتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پوری تاجر برادری میری جانب دیکھ رہی ہے کہ میں معیشت کی بحالی کے لیے قائدانہ کردار ادا کروں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ حکومت کی معاشی ٹیم کی غلط پالیسیوں سے صرف عام آدمی اور ملک کا متوسط اور غریب طبقہ ہی نہیں بلکہ سرمایہ کار، ملرز، صنعتکار اور تاجر بھی برابر پریشان ہیں۔

انہوں نے معاشی بحران کی وجہ مشاورت کے فقدان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں نے منتخب پارلیمانی شراکت داروں کو اعتماد میں نہیں لیا اور فیصلہ سازی صرف چند ’غیر منتخب افراد‘ تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 ماہ کے دوران پارلیمانی پارٹی کا ایک بھی اجلاس نہیں ہوا، اب وقت آگیا ہے کہ اہم دفاتر اور وزارتیں ’منتخب نمائندوں‘ کو دی جائیں، جو ’غیرمنتخب نمائندوں‘ سے بہتر خدمات انجام دے سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں نے وزیر اعظم پاکستان کو بھی پیغام بھیجا ہے اور انہیں معیشت کی خراب حالت سے آگاہ کیا ہے، مجھے عہدے، دولت یا پروٹوکول کی کوئی ہوس نہیں ہے بلکہ صرف کاروباری برادری کے تعاون کے ساتھ ملک کو بحران سے نکالنا چاہتا ہوں‘۔

قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ’میرے مطابق سیاسی جماعتوں اور ملک کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان ایک گرینڈ ڈائیلاگ موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس بطور بزنس لیڈر 50 سال کا تجربہ ہے، میں کے سی سی آئی کا صدر رہا ہوں، 3 بار رکن پارلیمنٹ رہ چکا ہوں اور مجھے تاجر برادری کی مکمل حمایت حاصل ہے، میں ملک کی خدمت کرنے کی خواہش رکھتا ہوں اور وزیر خزانہ کے طور پر ایک موزوں متبادل ہوں‘ ۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024