• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:19am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

پنجاب: سی ڈی ڈی کی کارروائی، کالعدم جماعتوں کے 12 دہشت گرد گرفتار

شائع March 10, 2023
حکام  نے کہا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی
حکام نے کہا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کیا گیا—فائل فوٹو: اے ایف پی

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر کارروائی کرتے ہوئے لاہور سمیت تین شہروں سے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق خفیہ آپریشن کے دوران لاہور سمیت تین شہروں سے 12 دہشت گرد گرفتار کیے گئے۔

حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کی نشاندہی 61 مشتبہ افراد سے تفتیش کے دوران کی گئی، لاہور سے 3 دہشت گردوں کو حساس علاقے کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم القائدہ ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ دہشت گردوں سے بارودی مواد، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان برآمد کیا گیا۔

حکام نے کہا کہ دہشت گردوں کے نیٹ ورک حساس اضلاع میں تخریب کاری کرنا چاہتے تھے، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔

حکام نے کہا کہ رواں ہفتے 797 کومبنگ و سرچ آپریشن کیے گئے، آپریشنز کے دوران 159 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی حکام نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس وقت ملک میں دہشت گردی تیزی سے سر اٹھارہی ہے جہاں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں متعدد دہشت گردی کی کارروائیاں کی گئی ہیں جن کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی نے قبول کی ہے۔

ٹی ٹی پی نظریاتی طور پر افغان طالبان سے منسلک ہے جس کے کمانڈر افغانستان سے دہشت گردی کی ہدایات جاری کرتے ہیں، تاہم افغان طالبان اس کی تردید کر چکے ہیں۔

حال ہی میں ٹی ٹی پی نے پشاور میں پولیس لائن اور کراچی میں پولیس چیف کے دفتر پر حملے کیے ہیں جس کی وجہ سے پشاور میں ایک سو سے زائد شہری اور پولیس اہلکار جبکہ کراچی میں پولیس اہلکاروں سمیت چار افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کے بعد مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے 8 مارچ کو ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی اور 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے اس کارروائی کے بعد علاقے سے دہشت گردوں کی صفائی کے لیے کارروائی کی اور اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا اور مزید 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کرلیا گیا ہے

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025