یونائیٹڈ کی مضبوط بیٹنگ لائن زمین بوس، قلندرز کی 119 رنز سے بڑی فتح
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے میچ میں فخر زمان کی سنچری اور راشد خان کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 119 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے ہی اوور میں عبداللہ شفیق صرف ایک بنانے کے بعد فضل الحق فاروقی کی وکٹ بن گئے۔
تاہم اس کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے کامران غلام آئے اور دونوں نے 61 گیندوں پر دوسری وکٹ کے لیے 122 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی۔
فخر زمان نے بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 24 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جبکہ دوسرے اینڈ سے کامران غلام نے بھی 30 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔
کامران کے آؤٹ ہونے کے بعد فخر کا ساتھ دینے سیم بلنگز آئے اور دونوں نے 70 رنز کی شراکت قائم کی بالخصوص فخر زمان کا انداز انتہائی جارحانہ تھا جنہوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سنچری مکمل کی۔
فخر زمان کی اس اننگز میں یونائیٹڈ کے فیلڈرز نے بھی بھرپور مدد کی جہاں پہلے اننگز کی ابتدا میں حسن علی کی گیند پر ان کا آسان کیچ ڈراپ کردیا اور پھر 71 کے انفرادی اسکور پر شاداب خان کی گیند پر حسن علی بھی کیچ نہ تھام سکے۔
فخر زمان نے 57 گیندوں پر 8 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 115 رنز کی دلکش اننگز تراشی جبکہ بلنگز نے بھی 22 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز رحمٰن اللہ گُرباز اور ایلکس ہیلز نے ٹیم کو 32 رنز کا آغاز فراہم کیا جو اننگز کی سب سے بڑی شراکت ثابت ہوئی۔
زمان خان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے گُرباز اور پھر کولن منرو کی وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو دو اہم کامیابیاں دلائیں۔
ابھی یونائیٹڈ کی مشکلات کم نہ ہوئی تھیں کہ راشد خان نے کپتان شاداب خان کی اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ ایلکس ہیلز بھی ڈیوڈ ویزے کی وکٹ بن گئے۔
راشد خان نے بہترین اسپیل کرتے ہوئے مبشر خان اور فہیم اشرف کو یکے بعد دیگرے اوورز میں چلتا کر کے اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کی کمر توڑ دی کیونکہ اعظم خان بھی انجری کے سبب بیٹنگ سے قاصر تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 16ویں اوور کی پہلی گیند پر 107 رنز پر ڈھیر ہو گئی، میزبان ٹیم کی جانب سے ایلکس ہیلز اور حسن علی 18، 18 جبکہ رحمٰن اللہ گرباز 15 رنز بنا کر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے راشد خان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 21 رنز کے عوض چار جبکہ حارث رؤف اور زمان خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔