• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

کوئٹہ کی مقامی عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

شائع March 9, 2023
درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ اداروں کے افسران کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کر کے نفرت بھی پھیلائی— فائل فوٹو: ڈان نیوز
درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ اداروں کے افسران کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کر کے نفرت بھی پھیلائی— فائل فوٹو: ڈان نیوز

اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں درج کیے گئے بغاوت کے مقدمے میں کوئٹہ کی مقامی عدالت کے جج نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

کوئٹہ میں عمران خان کے خلاف درج مقدمے سے متعلق معاملے پر جوڈیشل مجسٹریٹ اول کی عدالت نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے الزام میں بغاوت کی دفعات کے تحت مقدمہ 5 مارچ کو بجلی روڈ تھانے میں درج کیا گیا تھا۔

مقدمہ عبدالخلیل کاکڑ نامی شہری کی درخواست پر درج کیا گیا جس میں بغاوت کے ساتھ ساتھ الیکٹرانک کرائم کی روک تھام سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔

درخواست گزار نے مقدمے میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جبکہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے افسران کے خلاف بلاجواز اشتعال انگیز تقاریر کر کے نفرت بھی پھیلائی۔

عدالتی احکامات سے متعلق پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے لیے جلد پولیس ٹیم لاہور روانہ ہو گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے تین مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی تھی۔

ان میں سے ایک درخواست کوئٹہ میں درج مذکورہ مقدمے کے حوالے سے بھی دائر کی گئی تھی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی گئی تینوں درخواستوں میں 15 دن کی حفاظتی ضمانت کی استدعا کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ درخواست گزار لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں مقیم ہیں اور یہ ان کا آئینی حق ہے کہ انہیں اجازت دی جائے کہ وہ ضمانت کے حصول کے لیے اس معزز عدالت کے روبرو پیش ہوں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024