فیس بک ریلز میں ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو شیئر کرنا ممکن
دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک کی مالک کمپنی نے میٹا نے فیس بک ریلز کو بہتر بناتے ہوئے اس میں متعدد نئے فیچرز پیش کردیے۔
فیس بک ریلز مختصر ویڈیوز کا فیچر ہے جو کہ دراصل ٹک ٹاک سے متاثر ہوکر ابتدائی طور پر انسٹاگرام پر پیش کیا گیا تھا، جسے بعد ازاں فیس بک کا حصہ بھی بنایا گیا۔
فیس بک ریلز سوشل ویب سائٹ پر استعمال کیا جانے والا سب سے بڑا فیچر بنتا جا رہا ہے اور صارفین پوسٹ اور اسٹوریز کے بجائے فیس بک ریلز پر زیادہ وقت گزارتے دکھائی دیتے ہیں۔
صارفین کی ریلز میں دلچسپی کو دیکھتے ہوئے اب فیس بک نے ریلز میں زیادہ وقت کی ویڈیوز کو شیئر کرنے کا فیچر پیش کردیا۔
اب صارفین فیس بک ریلز میں ڈیڑھ منٹ یا 90 سیکنڈ دورانیے کی ویڈیوز کو بھی شیئر کر سکیں گے جب کہ پہلے یہ دورانئہ صرف 60 سیکنڈ تھا جب کہ اس سے قبل یہ دورانیہ 45 سیکنڈز تک محدود تھا۔
لیکن اب فیس بک صارفین ریلز میں ڈیڑھ منٹ دورانیے کی ویڈیوز کو شیئر کرسکیں گے جب کہ انسٹاگرام ریلز میں پہلے ہی ڈیڑھ منٹ دورانیے کی ویڈیوز کو شیئر کرنے کی سہولت موجود ہے۔
اسی طرح فیس بک پر شیئر کی جانے والی ریلز کو خصوصی ٹیمپلیٹس میں بنانے کا فیچر بھی پیش کردیا گیا جو کہ اس سے قبل صرف انسٹاگرام پر تھا۔
یعنی اب صارفین مختلف اقسام کے ٹیمپلیٹس پر ویڈیوز بناکر اسے شیئر کر سکیں گے۔
اسی طرح فیس بک ریلز میں ویڈیوز میں مکسنگ یعنی ویڈیو کو دوسرے گانے میں sync کا فیچر بھی پیش کردیا گیا، مذکورہ فیچر بھی پہلے ہی انسٹاگرام پر موجود تھا۔
علاوہ ازیں فیس بک ریلز میں ایک نئے اور زبردست فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے تحت صارفین اب میموریز کی ویڈیوز یا تصاویر کو ریلز کی صورت میں فوری طور پر بھی شیئر کر سکیں گے۔
مذکورہ فیچر کو ریلز کے لیے اب تک کا بہترین فیچر قرار دیا جا رہا ہے اور صارفین اس فیچر سے زیادہ خوش دکھائی دیتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اگرچہ فیس بک میں مندرجہ بالا تمام فیچرز کو پیش کردیا گیا، تاہم تاحال بعض صارفین تک مذکورہ فیچرز کام نہیں کر رہے لیکن ترتیب وار صارفین کو تمام فیچرز تک رسائی دے دی جائے گی۔۔