• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

عبدالولی کاکڑ نے گورنر بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا

شائع March 6, 2023
نو تعینات شدہ گورنر نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے ان کی اولین ترجیح ہوگی—تصویر: اے پی پی
نو تعینات شدہ گورنر نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے ان کی اولین ترجیح ہوگی—تصویر: اے پی پی

بلوچستان کے نئے مقرر کردہ گورنر ملک عبدالولی کاکڑ نے اتوار کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، دو روز قبل صدر عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی سفارش پر ان کی تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان نے گورنر ہاؤس کے لان میں منعقدہ ایک سادہ لیکن متاثر کن تقریب میں عبدالولی کاکڑ سے صوبے کے 23 ویں گورنر کا حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری عبد العزیز عقیلی اوکیلی کے علاوہ ہائی کورٹ کے جج، نامور قبائلی عمائدین، سرکاری یونیورسٹیوں کے نائب چانسلرز اور بڑی تعداد میں سماجی اور سیاسی کارکنوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر نو تعینات شدہ گورنر جو بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سینئر نائب صدر بھی ہیں، نے وعدہ کیا کہ وہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فیڈریشن اور صوبے کے مابین خلیج کو ختم کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اور بلوچستان کے مابین خلیج صوبے میں مسائل کو حل کرنے کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ ہے اور وہ اس خلا کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو ختم کرنے کے لیے ٹھوس کوششوں کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ایک سیاسی شخص ہوں اور میرا دروازہ صوبے کے ہر شہری کے لیے کھلا رہے گا، میری کوششیں لوگوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ صوبے میں مقیم تمام قومیتوں کے گورنر ہوں گے ، کیونکہ ہر فرد ان کے لیے قابل احترام ہے۔

اپنی ترجیحات کے بارے میں بات کرتے ہوئے عبدالولی کاکڑ نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے شعبے ان کی اولین ترجیح ہوگی، ’جب تک یہ ذمہ داری میرے پاس ہے میں صوبے کے لوگوں کو تعلیم ، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کروں گا‘۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024