• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

گوادر: سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم حملہ، ایک اہلکار شہید، 8 زخمی

زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو انڈس ہسپتال منتقل کیا گیا—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو انڈس ہسپتال منتقل کیا گیا—فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

ضلع گوادر کے علاقے نلینٹ میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے میں ایک اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ گوادر کو تربت سے ملانے والے پل پر سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو نشانہ بنانے کے لیے دیسی ساختہ بم نصب کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق ریموٹ کنٹرول سے اُس وقت دھماکا کیا گیا جب سیکیورٹی فورسز کی 2 گاڑیاں پل عبور کر رہی تھیں، دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی کو بری طرح نقصان پہنچا۔

زخمی سیکیورٹی اہلکاروں کو انڈس ہسپتال منتقل کیا گیا، ہسپتال کے حکام نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک اہلکار، جس کی شناخت لانس نائیک اللہ دتہ کے نام سے ہوئی، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

زخمیوں میں صوبیدار خالد، حوالدار لطیف، لانس نائیک اللہ، سپاہی عثمان، سپاہی قیصر عباس، سپاہی رمضان اور عباس شامل ہیں، حکام نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

بنوں میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں کے شہر بکا خیل میں گزشتہ روز ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ دھماکا مشتبہ عسکریت پسندوں کی جانب سے کلاچی تھانے کی حدود میں ایک چوکی پر حملہ کے چند گھنٹوں بعد ہوا۔

حکام کے مطابق دیسی ساختہ بم سے لیس ایک موٹرسائیکل منڈی مارکیٹ کے علاقے میں ایک سڑک پر کھڑی تھی جو زور دار دھماکے سے اڑ گئی۔

عہدیدار نے مزید کہا کہ دھماکے سے مارکیٹ میں کچھ دکانوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا، لاش اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والے کی شناخت خون محمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں بکا خیل کے علاقے نرمی خیل سے تعلق رکھنے والے عارف اللہ اور رحید اللہ شامل ہیں۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، واضح رہے کہ یہ دھماکا آئی جی خیبر پختونخواہ کے ضلع کے دورے کے ایک روز بعد ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024