• KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:17pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:27pm

لیبیا میں کشتی کے حادثے میں 7 پاکستانی جاں بحق ہوئے، دفترخارجہ

شائع March 2, 2023
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دی—فائل/فوٹو: ڈان
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ دی—فائل/فوٹو: ڈان

دفترخارجہ نے کہا ہے کہ لیبیا کے ساحلی شہر بن غازی میں کشتی کے حادثے میں 7 پاکستانی جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ لیبیا میں پاکستان کا سفارت خانہ جاں بحق افراد کی شناخت کے عمل میں سہولت فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقامی حکام اور ہلال احمر کی انٹرنیشنل کمیٹی کے تعاون سے لاشیں پاکستان لائی جائیں گی۔

ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانہ اور خارجہ امور کی وزارت جاں بحق افراد کے لواحقین سے رابطے میں ہیں۔

خیال رہے کہ اسی طرح کا ایک واقعہ گزشتہ ماہ کے آخر میں جنوبی اٹلی کے ساحل میں پیش آیا تھا، حادثے کی شکار کشتی میں پاکستان، افغانستان، ایران اور دیگر کئی ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد سوار تھے۔

اٹلی میں مختلف ممالک سے تارکین وطن کو لانے والی کشتی چٹانوں سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں چند بچوں سمیت 59 افراد ہلاک ہو گئے تھے، بعد ازاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 65 ہوگئی۔

اٹلی کے صوبے کروٹون کے میئر ونسنزو ووس نے 59 ہلاکتوں کی تصدیق کی تھی اور عہدیدار صوبائی حکومت مانویلا کررا نے بتایا تھا کہ حادثے میں 81 افراد زندہ بچ گئے ہیں، جن میں سے 22 کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مانویلا کررا نے کہا تھا کہ یہ کشتی 3 یا 4 روز قبل مشرقی ترکیہ میں ازمیر سے روانہ ہوئی تھی، زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ جہاز میں 140 سے 150 افراد سوار تھے۔

وزیرخارجہ نیویارک کا دورہ کریں گے

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 8 مارچ کو ’اسلام میں خواتین کے مقام‘ کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے نیویارک جائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اقدام بحیثیت اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرا کونسل کے سربراہ کے طور پراقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرزمیں خواتین کے مقام کے حوالے سے اقوام متحدہ کمیشن کے 67 ویں اجلاس کے موقع پرپاکستان کی جانب انعقاد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیرخارجہ اعلیٰ سطح اور پالیسی ساز مذاکرے کی صدارت کریں گے جہاں او ائی سی کے رکن ممالک اور غیرکن ممالک کی جانب سے وزرا کی سطح پر شرکت ہوگی اور اس میں اقوام متحدہ اور یواین ویمن اور دیگر بین الاقوامی اداروں کی قیادت بھی شریک ہوگی۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری 10 مارچ کو نیویارک میں اسلاموفوبیا کے حوالے سے ایک ایونٹ میں شرکت کریں گے، جو گزشتہ برس ہونا تھا اور پاکستان کے مطابلے پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 مارچ کو یوم انسداد اسلاموفوبیا قرار دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024