• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی بلوچستان سے گرفتار

شائع March 2, 2023
پرویز الہٰی کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے محمد خان بھٹی کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز
پرویز الہٰی کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے محمد خان بھٹی کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کیا — فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے انتہائی قریب سمجھے جانے والے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کو بلوچستان سے گرفتار کرلیا گیا۔

کئی روز سے مبینہ طور پر لاپتا رہنے والے محمد خان بھٹی کو کوئٹہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب سہیل ظفر چٹھہ نے محمد خان بھٹی کو کوئٹہ پولیس کی تحویل سے اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹرز لاہور لانے کے لیے 4 رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔

سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے دست راست محمد خان بھٹی کے خلاف اینٹی کرپشن میں 80 کروڑ روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج ہے۔

محمد خان بھٹی کے خلاف تقرر و تبادلوں میں رشوت اور ترقیاتی منصوبوں میں بھاری کمیشن وصول کرنے کا الزام ہے۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی کے خلاف درج مقدمے میں سی اینڈ ڈبلیو کے رانا اقبال کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے، گرفتار ملزم رانا اقبال، محمد خان بھٹی کے خلاف عدالت میں اعترافی بیان بھی ریکارڈ کروا چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ چوہدری پرویز الہٰی کی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا تھا کہ پرویز الہٰی کے پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی اور ضیغم گوندل کا تاحال کچھ پتا نہیں ہے۔

اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی مبینہ طور پر لیک ہونے والی آڈیوز میں بھی انہیں اپنے سابق پرنسپل سیکریٹری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ محمد خان بھٹی کے کیس کے حوالے سے ایک وکیل کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو ریکارڈ کیا گیا اور اسے ’غلط طریقے سے پیش کیا گیا‘، محمد خان بھٹی 10 روز سے لاپتا تھے اور ان کی اہلیہ نے ان کی بازیابی کے لیے سپریم کورٹ سے اپیل کی تھی۔

اس لیک آڈیو میں مبینہ طور پر شامل ایک وکیل نے کہا کہ میرا دفتر ایک لاپتا شخص محمد خان بھٹی کا مقدمہ سندھ ہائی کورٹ میں چلا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024