• KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm
  • KHI: Maghrib 5:45pm Isha 7:04pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:28pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:31pm

کراچی: بہادر آباد میں بلڈر سے ڈاکو 5 کروڑ 94 لاکھ روپے لوٹ کر فرار

شائع March 2, 2023
رات 11 بجے کے قریب پیش آنے والے اس واقعے میں 4 ڈاکو ملوث تھے — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
رات 11 بجے کے قریب پیش آنے والے اس واقعے میں 4 ڈاکو ملوث تھے — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

کراچی کے علاقے بہادر آباد میں مسلح ڈاکو ایک بلڈر سے 5 کروڑ 94 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز ناہید سپر اسٹور کے قریب رات 11 بجے کے قریب پیش آنے والے اس واقعے میں 4 ڈاکو ملوث تھے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب راحیل غفار نامی بلڈر اپنے دفتر سے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے فیز 4 میں واقع اپنے گھر جا رہے تھے۔

متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے اپنی کار میں کُل 5 کروڑ 94 لاکھ روپے سے بھرے 4 کارٹن رکھے تھے اور اپنے ڈرائیور کے ہمراہ ٹریڈ سینٹر بہادر آباد میں واقع اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے، جب وہ کیریمل بیکری کے قریب پہنچے تو کار میں سوار 2 ملزمان نے ان کی گاڑی کو روکا اور اسی دوران 2 مزید موٹر سائیکل سوار ڈاکو بھی وہاں آگئے۔

راحیل غفار نے بتایا کہ ان میں سے 2 ڈاکو ان دونوں کے قریب آئے اور ان پر بندوق تان کر گاڑی سے باہر نکلنے کو کہا اور گاڑی اور موبائل فون چھین کی فرار ہوگئے، بعد ازاں وہ گاڑی اور موبائل فون کچھ فاصلے پر چھوڑ کر پیسے لے گئے، ان کی عمریں 30 برس کے لگ بھگ تھیں۔

بہادر آباد پولیس اسٹیشن میں واقعے کا تعزیرات پاکستان کی دفعہ 397 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ایس ایس پی شرقی زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ پولیس تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کر رہی ہے، امید ہے کہ کیس جلد حل ہو جائے گا۔

ایس ایچ او بہادر آباد قربان علی بلیدی کے مطابق بلڈر نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ لوٹی گئی رقم ان لوگوں کی ہے جنہوں نے ان کے پروجیکٹ میں اپارٹمنٹس بُک کرائے ہیں۔

تفتیش کاروں نے ان سے سوال کیا کہ وہ کسی مناسب سیکیورٹی کے بغیر اتنی بڑی رقم کیوں لے جارہے تھے، بلڈر نے جواب دیا کہ ان کی یہی روٹین ہے۔

علاقے کے ایس ایچ او نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ ’اندر کا کام‘ ہو سکتا ہے، کسی نے ڈاکوؤں کو بلڈر کے بارے میں اطلاع دی ہوگی اور یہ بھی بتایا ہوگا کہ اس نے 4 کارٹنوں میں بھاری رقم رکھی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیش کار سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ڈاکوؤں کا پتا لگانے کے لیے جیو فینسنگ بھی کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024