• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

پی ایس ایل8: کراچی کنگز کو ایک اور شکست، زلمی 24 رنز سے کامیاب

شائع March 1, 2023
پشاور زلمی نے شان دار کارکردگی کے ذریعے کراچی کنگز کو شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی
پشاور زلمی نے شان دار کارکردگی کے ذریعے کراچی کنگز کو شکست دے دی—فوٹو: اے ایف پی
محمد عامر نے زلمی کی ابتدائی تین وکٹیں حاصل کرلیں—فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر
محمد عامر نے زلمی کی ابتدائی تین وکٹیں حاصل کرلیں—فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر
رومین پاول نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے—فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر
رومین پاول نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے—فوٹو: پی ایس ایل/ٹوئٹر

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2023 کے میچ میں پشاور زلمی نے شروع میں مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود ٹام کوہلر، حسیب اللہ خان اور رومین کی نصف سنچریوں کی بدولت کراچی کنگز کو ایک مشکل ہدف دے کر میچ 24 رنز سے جیت لیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 17 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

کراچی کنگز کے محمد عامر نے پہلے ہی اوور میں زلمی کے دونوں اوپنرز محمد حارث اور بابراعظم کو ایل بی ڈبلیو کرکے پویلین بھیج دیا۔

جارح مزاج نوجوان بلے باز محمد حارث پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابر اعظم بھی اپنا کھاتا کھولنے میں ناکام رہے اور عامر کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے پہلے اوور کی پانچویں گیند پر آؤٹ ہوئے۔

زلمی کی دو وکٹیں صرف 2 رنز پر گرنے کے بعد صائم ایوب بیٹنگ کے لیے آئے اور صرف ایک رن کا اضافہ کرکے تیسرے اوور کی دوسرے گیند پر محمد عامر کا شکار بنے۔

ٹام کوہلر اور حسیب اللہ خان نے زلمی کو مشکل سے نکال کر سکور 84 رنز تک پہنچایا۔

دونوں بلے بازوں نے 81 رنز کی شراکت قائم کی اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔

تبریز شمسی نے 29 گیندوں کا سامنا کرکے 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 50 رنز بنانے حسیب اللہ خان کو آؤٹ کر دیا۔

رومین پاول نے زلمی کے لیے برق رفتار بیٹنگ کی اور نصف سنچری بناتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

پشاور زلمی کا اسکور 19 ویں اوور میں 163 رنز پہنچا تھا تو رومین پاول بھی محمد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

رومین پاول نے 34 گیندوں پر 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے تھے۔

دوسرے اینڈ سے ٹام کوہلر نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کی نصف سنچری مکمل کی۔

پشاور زلمی نے شروع میں مشکلات کا شکار ہونے کے باوجود مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 197 رنز بنالیے۔

ٹام کوہلر نے آؤٹ ہوئے بغیر 45 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 56 رنز بنائے۔

عامر جمال نے 5 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چھکوں کی مدد سے 13 رنز بنائے۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر نے 26 رنز دےکر4 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کے میتھیوویڈ اور ایڈم روسنگٹن نے 40 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم عظمت اللہ عمرزئی نے زلمی کو پہلی کامیابی دلائی۔

کنگز کے طیب طاہر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عظمت اللہ عمرزئی نے 66 کے اسکور پر دوسری وکٹ حاصل کرلی۔

پشاور زلمی کے باؤلرز نے ٹیم کو مسلسل کامیابیاں دلائیں، مجیب الرحمٰن نے 79 کے مجموعے پر عرفان خان کو پاول کے ہاتھوں کیچ کرایا، ان کی اننگز 4 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکی۔

شعیب ملک صرف ایک رن بنا کر عامر جمال کی وکٹ بنے تو کراچی کنگز کو 81 کے اسکور چوتھی وکٹ گری اور شدید مشکلات کا شکار ہوئی۔

کپتان عماد وسیم بیٹنگ کے لیے آئے تو اوپنر میتھیو ویڈ 12 ویں اوور میں 95 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

میتھیو ویڈ 41 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے۔

بین کٹنگ نے 15 رنز بنا کر کپتان کا کچھ دیر کے لیے ساتھ دیا لیکن عظمت اللہ عمرزئی نے متبادل فیلڈر کے طور پر میدان میں آنے والے نیشام کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

کراچی کنگز کے عامر یامین نے 5 گیندوں پر 8 رنز بنائے تاہم عامر جمال نے انہیں آؤٹ کیا۔

دوسرے اینڈ سے کپتان عماد وسیم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔

تبریز شمسی کو بھی عامر جمال نے صفر پر آؤٹ کردیا۔

کراچی کنگز نے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کپتان عماد وسیم کی نصف سنچری کی مدد سے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 173 رنز بنائے۔

عماد وسیم 57 اور عاکف جاوید 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پشاور زلمی نے 24 رنز سے اہم کامیابی حاصل کی اور پوائنٹس کی تعداد 6 کردی۔

رومین پاوول کو شان دار اور جارحانہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:

پشاور زلمی : بابراعظم (کپتان)، محمد حارث، صائم ایوب، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللہ خان، رومین پاول، عامر جمال، وہاب ریاض، عظمت اللہ عمرزئی، ارشد اقبال، مجیب الرحمٰن

کراچی کنگز : عماد وسیم (کپتان)، ایڈم روسنگٹن، میتھیوویڈ، طیب طاہر، شعیب ملک، عرفان خان، بین کٹنگ، عامر یامین، محمد عامر، تبریز شمسی، عاکف جاوید

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024