• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق مستعفی

شائع March 1, 2023
محمد صادق 1998 تا 2000 واشنگٹن ڈی سی اور 1994 تا 1998 بیجنگ اور برسلز میں تعینات رہے — فائل فوٹو
محمد صادق 1998 تا 2000 واشنگٹن ڈی سی اور 1994 تا 1998 بیجنگ اور برسلز میں تعینات رہے — فائل فوٹو

افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

سابق سفارت کار محمد صادق نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی کے منصب سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں محمد صادق نے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’تین برس سے افغانستان کے لیے بطور پاکستان کا نمائندہ برائے خصوصی کے فرائض سرانجام دینے کے بعد میں نے حکومتِ پاکستان سے درخواست کی ہے کہ اب میرے لیے وقت آگیا ہے کہ میں اپنے ذاتی امور بشمول خاندان، کتابوں، ماحولیات اور زراعت پر توجہ دوں‘۔

محمد صادق نے لکھا کہ وہ وزیر اعظم اور دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز کے خصوصی نمائندے کے طور پر ان کی مکمل حمایت کے لیے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’میں اپنے تمام ساتھیوں کی کاوشوں اور سخت محنت کو سراہتا ہوں جنہوں نے پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے امور پر طویل عرصے تک کام کیا‘۔

ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے انہوں نے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھیج دیا ہے جو کہ قبول کرلیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2020 میں افغان امن عمل میں بظاہر اپنے کردار کو مستحکم کرنے کی کوشش میں حکومت نے سابق سفارت کار محمد صادق کو افغانستان کے لیے خصوصی مندوب نامزد کیا تھا۔

محمد صادق 2016 میں قومی سلامتی ڈویژن کے سیکریٹری کے عہدے سے ریٹائر ہوئے اور دسمبر 2008 سے اپریل 2014 کے دوران کابل میں پاکستان کے سفیر رہے جبکہ ڈیڑھ سال تک وزارت خارجہ کے ترجمان بھی رہے۔

محمد صادق 1998 تا 2000 واشنگٹن ڈی سی اور 1994 تا 1998 بیجنگ اور برسلز میں تعینات رہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024