• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

اداکار نواز الدین صدیقی کی اہلیہ کے بعد ان کے بھائی نے بھی چونکا دینے والے انکشافات کردیے

شائع March 1, 2023
—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

تنازعات کا شکار بولی وڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی پر ان کی اہلیہ عالیہ صدیقی کی جانب سے لگائے گئے سنگین الزامات کے بعد ان کے بھائی شمس صدیقی نے بھی چونکا دینے والے انکشافات کردیے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق شمس صدیقی نے ’ای ٹائمز‘ کو بتایا کہ ’مجھے نہیں لگتا ہے کہ کوئی اداکار ان سے بہتر ہے، وہ ہماراخیال رکھتے ہیں لیکن انہوں نے کسی بھائی کے کیرئیر میں ساتھ نہیں دیا، نواز الدین صدیقی جائیدادیں تو خرید لیتے ہیں، لیکن وہ ایسے انسان نہیں جیسا ان کے بارے میں تاثر قائم ہے، وہ بہت پیچیدہ شخص ہے‘۔

واضح رہے کہ شمس صدیقی نے نواز الدین صدیقی کے خلاف اس وقت بات کی جب اداکار کو پہلے ہی اہلیہ عالیہ نواز الدین صدیقی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔

شمس صدیقی کا کہنا تھا کہ نواز الدین صدیقی میرا ساتھ دینے والے لوگوں کو چھوڑ دیتا ہے، اس کی مثال میں اور عالیہ ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے ٹی وی میں بہت کام کیا ہے یہاں تک کہ میں نے ایک یا دو پروگرام کی ہدایت کاری بھی کی، نواز نے پھر مجھے اپنے ساتھ شامل ہونے کو کہا، سنہ 2019 میں میری فلم ’بولے چوڑیاں‘ ریلیز ہوئی، سچ کہوں تو میں فلم میں نواز کو کاسٹ کرنا نہیں چاہتا تھا، کیونکہ مجھے لگتا تھا کہ اس سے ہمارے ذاتی تعلقات خراب ہوسکتے ہیں، تاہم پروڈیوسر نے اصرار کیا کہ میں فلم میں نواز الدین صدیقی کو کاسٹ کروں۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جب فلم میں ایڈیٹنگ کی ضرورت تھی تو نواز نے اچانک پروڈیوسر سے کہا کہ وہ اس وقت تک کام جاری نہیں رکھیں گے جب تک کہ انہیں فلم سے متعلق تمام واجبات نہیں مل جاتے، اور پھر فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوگئی۔

بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شمس صدیقی نے بتایا کہ میں نے سوچا کہ نواز میری فلم کے ساتھ ایسا کیوں کر رہے ہیں اور وہ میرا ساتھ کیوں نہیں دے رہے ہیں۔

انہوں نے انٹرویو کے دوران بتایا کہ میں 46 برس کا ہو گیا ہوں صرف ان کی وجہ سے میری اب تک شادی نہیں ہو سکی انہوں نے مجھے کام میں اس قدر الجھا کے رکھ دیا تھا کہ نہ تو میں کوئی کام صحیح سے کر پارہا تھا اور نہ ہی میری کوئی ذاتی زندگی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب سے میں نواز سے الگ ہوا ہوں بہت خوش ہوں حال ہی میں میری شادی ہوئی اور 15 فروری کو میری بیٹی پیدا ہوئی، شمس نواب صدیقی نے اداکار پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی وجہ سے میری نجی زندگی متاثر ہوئی، ان کی وجہ سے اہل خانہ نے میری بیٹی کو اب تک نہیں دیکھا۔

خیال رہے کہ قبل ازیں نوازالدین صدیقی کی اہلیہ نے انہیں بزدل باپ قرار دیا تھا، یہی نہیں بلکہ عالیہ نے ان پر ریپ کا الزام لگاتے ہوئے تھانے میں شکایت بھی درج کرائی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024