• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

حدیقہ کیانی نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ گاؤں تعمیر کروا دیا

شائع February 28, 2023
گلوکاری سے زیادہ اداکاری میں شہرت ملی، حدیقہ کیانی—فوٹو: انسٹاگرام
گلوکاری سے زیادہ اداکاری میں شہرت ملی، حدیقہ کیانی—فوٹو: انسٹاگرام

معروف گلوکارہ و اداکار حدیقہ کیانی لوگوں اور مختلف اداروں کے تعاون سے صوبہ بلوچستان میں سیلاب سے تباہ ہوجانے والے ایک گاؤں میں 100 نئے گھر تعمیر کروانے میں کامیاب ہوگئیں۔

حدیقہ کیانی نے ستمبر 2020 میں بلوچستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد وہاں کے متاثرہ عوام کے لیے وسیلہ راہ نامی مہم کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت انہوں نے عوام اور مختلف اداروں سے فنڈز جمع کیے تھے۔

حدیقہ کیانی نے ابتدائی طور پر وسیلہ راہ مہم کے تحت بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرہ افراد کو ضروری اشیا کی فراہمی کی تھی، جس کے بعد انہوں نے متاثرین کی گھروں کی تعمیر کا آغاز کیا تھا۔

اب سیلاب کے چار ماہ بعد حدیقہ کیانی بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کی تحصیل ٹمبو کے ایک گاؤں میں 100 گھر تعمیر کروانے میں کامیاب ہوگئیں۔

حدیقہ کیانی نے وسیلہ راہ کے انسٹاگرام پیج پر نصیر آباد میں 100 گھروں کے افتتاح کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 14 فٹ لمبے اور 16 فٹ چوڑے کمرے تعمیر کروائے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے متاثرین کے لیے 100 گھروں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ایک اسکول، ایک مسجد اور ایک میٹرنٹی ہوم بھی تعمیر کروایا ہے جب کہ میٹرنٹی ہوم میں فوج کی جانب سے فراہم کردہ لیڈی ڈاکٹر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔

گلوکارہ اداکارہ کے مطابق ان کی جانب سے تمیر کروائے گئے کمروں پر فی کمرہ ڈھائی لاکھ روپے تک لاگت آئی ہے، تاہم مذکورہ رقم میں ٹیکس کو شامل کیا جانا باقی ہے۔

حدیقہ کیانی کا کہنا تھا کہ وہ بلوچستان کے اسی علاقے کے دوسری تحصیل میں مزید 250 دیہات تعمیر کروائیں گی لیکن اب مہنگائی ہونے کی وجہ سے فی کمرے کی لاگت بڑھ کر ساڑھے تین لاکھ روپے تک جاپہنچی ہے۔

انہوں نے مخیر حضرات، اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کی مہم وسیلہ راہ میں بڑھ چڑھ کر فنڈز دیں تاکہ بلوچستان کے سیلاب متاثرہ عوام کے لیے مزید گھر تعمیر کروائے جاسکیں۔

حدیقہ کیانی مدد کرنے والے افراد، اداروں اور پاک فوج کی تعریفیں کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ فوج کی مدد کے بغیر وہ اتنا بڑا کام مناسب وقت پر سر انجام نہیں دے پاتیں۔

حدیقہ کیانی کی جانب سے بلوچستان کے سیلاب متاثرہ افراد کے لیے گھروں کی تعمیر کرنے پر لوگوں نے ان کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کی کام کو بھی سراہا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024