• KHI: Partly Cloudy 25°C
  • LHR: Clear 19.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.9°C
  • KHI: Partly Cloudy 25°C
  • LHR: Clear 19.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.9°C

برنس روڈ کی سڑکیں 3 روز میں ٹریفک کیلئے بحال کرنے کا حکم نامہ جاری

شائع February 28, 2023
عدالت نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تمام تجاوزات ہٹانے کی ہدایات بھی جاری کیں — فائل فوٹو
عدالت نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تمام تجاوزات ہٹانے کی ہدایات بھی جاری کیں — فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے برنس روڈ کو فوڈ اسٹریٹ بنانے کے خلاف کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

عدالت نے برنس روڈ کی بندش کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے دونوں نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے 3 روز میں برنس روڈ کی سٹرکیں بحال کرنے کا حکم دیا۔

تحریری فیصلے میں عدالت نے حکم دیا کہ برنس روڈ اور اطراف کی سڑکوں کو اصل شکل میں بحال کریں، تمام تر کرسیاں، میزیں اور تجاوزات ہٹائی جائیں اور برنس روڈ کو عام ٹریفک کے لیے مکمل بحال کیا جائے۔

عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو 7 روز میں فیصلے پر عمل درآمد کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جنوبی سٹرک کو بند کرنے کی کوئی وضاحت نہ دے سکے، متعلقہ اتھارٹی کے بغیر نوٹی فکیشن کا اجرا غیر قانونی ہے۔

واضح رہے کہ 23 فروری کو سندھ ہائی کورٹ نے مقامی انتظامیہ کو ہدایت دی تھی کہ برنس روڈ کے ایک حصے پر شام کے وقت بنائی جانے والی فوڈ اسٹریٹ کو ختم کرکے اس اہم شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا جائے۔

جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فوڈ اسٹریٹ کی وجہ سے سڑک کی بندش کے خلاف دائر 2 درخواستیں منظور کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ فوڈ اسٹریٹ کے نام پر لوگوں کے بنیادی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

بینچ نے فوڈ اسٹریٹ کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ برنس روڈ اور اس سے منسلک گلیوں کو 2 روز میں کھول دیا جائے۔

بینچ نے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تمام تجاوزات ہٹانے کی ہدایات بھی جاری کی تھیں۔

اس سے گزشتہ سماعت پر سندھ ہائی کورٹ نے فوڈ اسٹریٹ کے لیے روزانہ شام کو سڑک بند کرنے پر برہمی کا اظہار کیا تھا جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑتا تھا، انہوں نے حکام سے پوچھا تھا کہ سڑک کو کس قانون کے تحت ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فروری 2021 میں کچھ علاقہ مکینوں نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ’فوڈ اسٹریٹ‘ کے نام پر شام 7 بجے سے رات 2 بجے کے درمیان سڑک بند کرنے کے فیصلے کی وجہ سے درخواست گزاروں اور دیگر رہائشیوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ان کا مؤقف تھا کہ برنس روڈ کے علاقے میں ٹریفک کا رخ تنگ گلیوں کی جانب موڑنے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یہ شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی کے مترادف ہے، ٹریفک پابندیوں کی وجہ سے ایک معمر خاتون کی موت واقع ہوچکی ہے کیونکہ انہیں ہنگامی طبی امداد فراہم نہیں کی جاسکی تھی۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے سڑکوں کی بندش کے حوالے سے نوٹی فکیشن واپس لینے کی استدعا کی تھی تاکہ رہائشیوں اور دیگر لوگوں کو سڑک تک رسائی سے محروم نہ کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025