• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

وفاقی وزرا کے غیرملکی دورے، 2022 میں 6 کروڑ 52 لاکھ روپے خرچ ہوئے، کابینہ ڈویژن

شائع February 27, 2023
وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل کے بیرون ملک دوروں پر 1 کروڑ 4 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ ہوئے— فائل فوٹو
وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل کے بیرون ملک دوروں پر 1 کروڑ 4 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ ہوئے— فائل فوٹو

کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا کے 2022 میں ہونے والے غیرملکی دوروں کے اخراجات کے اعداد و شمار میں بتایا ہے کہ مجموعی طور پر 6 کروڑ 52 لاکھ روپے خرچ ہوئے اور وزیر صحت عبدالقادر پٹیل پر سب سے زیادہ اخراجات آئے۔

وفاقی کابینہ کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا، وزرائے مملکت نے 2022 میں 25 غیرملکی دورے کیے۔

کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزرا کے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دی ہیں، جس میں بتایا گیا کہ 2022 میں وفاقی وزرا نے 25 غیرملکی دورے کیے۔

وفاقی وزرا اور وزرائے مملکت کے دوروں پر 6 کروڑ 52 لاکھ 11 ہزار 500 روپے خرچ ہوئے جبکہ سب سے زیادہ اخراجات وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل کے غیر ملکی دوروں پر آئے۔

وفاقی وزیر صحت قادر پٹیل کے بیرون ملک دوروں پر ایک کروڑ 4 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے غیر ملکی دوروں پر 24 لاکھ 91 ہزار روپے کے اخراجات آئے جبکہ سابق وزیرخزانہ مفتاح اسمٰعیل کے دوروں پر 45 لاکھ 69 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

وفاقی وزیر خرم دستگیر کے دوروں پر 26 لاکھ 44 ہزار روپے اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے غیرملکی دوروں پر 6 لاکھ 49 ہزار روپے کے اخراجات آئے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کے غیر ملکی دوروں پر 31 لاکھ 67 ہزار 900 روپے کے اخراجات ہوئے جبکہ وفاقی وزیر اسعد محمود کے دوروں پر 18 لاکھ 46 ہزار 632 روپے خرچ ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن کے غیر ملکی دوروں پر 49 لاکھ 17 ہزار 454 روپے کے اخراجات آئے۔

خیال رہے کہ 23 فروری کو وزیراعظم شہباز شریف نے کفایت شعاری سے متعلق اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تمام وفاقی وزرا، مشیر، وزرائے مملکت اور معاونین خصوصی نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے اور گیس، بجلی سمیت دیگر بلز اپنے جیب سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ میں کفایت شعاری سے متعلق بتایا تھا کہ آج کابینہ میں ڈھائی گھنٹے کی بحث کے بعد ہم نے متعدد فیصلے کیے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ اس حکومت کے تمام وفاقی وزرا، مشیر، وزرائے مملکت، معاونین خصوصی نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام وزرا گیس، بجلی وغیرہ کے بل اپنی جیب سے ادا کریں گے، کابینہ اراکین کے زیر استعمال تمام لگژری گاڑیاں واپس لی جا رہی ہیں جن کو نیلام کیا جائے گا، جہاں ضرورت ہوگی، وہاں وزرا کو سیکیورٹی کے لیے صرف ایک گاڑی دی جائے گی۔

انہوں نے کہا تھا کہ وفاقی وزرا اندرون و بیرون ملک اکانومی کلاس میں سفر کریں گے جبکہ معاون عملے کو بیرون دوروں پر جانے کی اجازت نہیں ہوگی، بیرون ملک دوروں کے دوران کابینہ ارکان 5 اسٹار ہوٹل میں قیام نہیں کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024