پاکستانی فلموں میں کام کرنے کا بیان غلط پیش کیا گیا، رنبیر کپور
بولی وڈ کے چاکلیٹی ہیرو کہلانے والے رنبیر کپور نے دعویٰ کیا ہے کہ دسمبر 2022 میں ان کے پاکستانی فلموں میں کام کرنے سے متعلق بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔
رنبیر کپور نے دسمبر 2022 میں ریتیک روشن سمیت دیگر بھارتی فنکاروں کے ہمراہ سعودی عرب میں ہونے والے ریڈ سی فلم فیسٹیول میں شرکت کی تھی، جس میں ماہرہ خان سمیت دیگر پاکستانی شوبز شخصیات بھی شریک ہوئی تھیں۔
مذکورہ فلم فیسٹیول کے ایک سیشن میں رنبیر کپور نے ایک پاکستانی فلم ساز کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ وہ مستقبل میں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرتے دکھائی دیں گے۔
رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ فنکاروں کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، فنکاروں کو سیاست سے بالاتر ہوکر کام کرنا چاہیے اور انہیں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
تاہم اب انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے مذکورہ بیان کو غلط پیش کیا گیا اور وہ تنازع میں پڑنا نہیں چاہتے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق رنبیر کپور نے حال ہی میں اپنی آنے والی رومانٹک کامیڈی فلم تو جھوٹی، میں مکار کی پروموشن کی تقریب میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے پاکستان میں کام کرنے سے متعلق بیان کو غلط پیش کیا گیا۔
تاہم رنبیر کپور نے واضح نہیں کیا کہ ان کے بیان کو کس طرح غلط پیش کیا گیا؟
اداکار کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں متعدد پاکستانی فلم سازوں نے ان سے وہاں کام کرنے سے متعلق سوالات کیے، جس کے جواب میں انہوں نے کہا تھا کہ اداکار کے لیے اداکاری ہی سب کچھ ہوتی ہے اور وہ ہر سینما کے لیے کام کر سکتا ہے۔
رنبیر کپور کے مطابق جس طرح انہیں فواد خان کے ساتھ اے دل ہے مشکل میں کام کرکے مزہ آیا، اسی طرح وہ متعدد پاکستانی شوبز شخصیات جن میں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم جیسے افراد شامل ہیں، ان سے ان کی دعا سلام ہوتی ہے۔
بولی وڈ اداکار کا کہنا تھا کہ اداکار کو کہیں بھی کام کرنے میں مسئلہ نہیں ہونا چاہیے، کیوں کہ آرٹ اور آرٹسٹ کی کوئی حدود نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے سے متعلق ان کے بیان کو بھارت میں غلط پیش کیا گیا اور وہ مذکورہ معااملے کے تنازع میں نہیں جانا چاہتے۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ آرٹ کی عزت کرنی چاہیے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ آرٹ اپنے ملک سے بڑھ کر نہیں ہوتا۔
رنبیر کپور نے کہا کہ اگر کسیی بھی شخص یا ملک کے آپ کے ملک سے تعلقات صحیح نہییں ہوں تو سب سے پہلے اپنے ملک کو اہمیت دی جانی چاہیے۔