اسلام آباد: بہارہ کہو میں زیرِ تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے سے 2 مزدور جاں بحق، 3 زخمی
اسلام آباد میں بہارہ کہو بائی پاس منصوبےکے زیر تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے سے ملبے تلے دب کر 2 مزدور جاں بحق 3 زخمی ہوگئے۔
کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ترجمان نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ایک ٹرالر نے زیر تعمیر پل کی شٹرنگ سپورٹ کو ٹکر ماری، جس کے باعث شٹرنگ گر گئی۔
حادثےکے بعد دیگر مزدوروں، علاقہ مکینوں اور امدادی ٹیموں نے فوراً موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے مزدوروں کو ملبے سے نکالا۔
اسلام آباد پولیس کی ٹوئٹس کے مطابق ملبے میں 5 مزدور دب کر زخمی ہوگئے تھے جن میں 3 مزدوروں کو پولی کلینک منتقل کیا گیا جس میں سے ایک دم توڑ گیا۔
دوسری جانب مزید 2 مزدوروں کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) لے جایا گیا جہاں ایک مزدور جان کی بازی ہار گیا۔
حکام کے مطابق زخمی ہونے والے دیگر 3 مزدوروں کی حالت بھی تشویشناک ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے سینیئر افسران کے ہمراہ بہارہ کہو میں جائے حادثہ پر پہنچے۔
چیف کمشنر اسلام آباد نور الامین مینگل نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دے دیا اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی وقوعہ کے متعلق تمام تر پہلووں کا جائزہ لے گی۔
اس حوالے سے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ متبادلہ اتنظامات نہ کرنے کے باعث حادثہ رونما ہوا۔
دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے بہارہ کہو بائی پاس زیر تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے کے واقعے میں مزدوروں کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اسپیکر میڈیا آفس سے جاری بیان میں انہوں نے متعلقہ حکام کو حادثے میں زخمیوں ہونے والے مزدوروں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے شٹرنگ گرنے کے نتیجے میں زخمیوں ہونے والے مزدوروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔