• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

رحیم یار خان: موٹروے پر ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

مسافر بس حادثے کا شکار پک اپ وین کے زخمیوں کی مدد کو اترے تھے—تصویر: بشکریہ جاوید عباس چوہدری
مسافر بس حادثے کا شکار پک اپ وین کے زخمیوں کی مدد کو اترے تھے—تصویر: بشکریہ جاوید عباس چوہدری
مسافروں سے ٹکرا کر الٹنے والی سرکاری گاڑی—تصویر بشکریہ جاوید عباس چوہدری
مسافروں سے ٹکرا کر الٹنے والی سرکاری گاڑی—تصویر بشکریہ جاوید عباس چوہدری

رحیم یار خان میں رکن پور کے قریب ملتان۔سکھر موٹروے (ایم-5) پر ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔

مقامی افراد، ریسکیو اور پولیس حکام سے ملنے والی معلومات کے مطابق ایک سوزوکی پک اپ وین مسافروں کو لے کر کراچی جارہی تھی کہ محمد پور کے علاقے تھل حسن کے قریب اس کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ الٹ گئی۔

حادثہ دیکھ کر ملتان سے آنے والی بس رک گئی اور اس کے مسافر حادثے کا شکار سوزوکی پک اپ کے حادثے میں زخمی ہوجانے والے افراد کی مدد کو اترے۔

ابھی امدادی کارروائی جاری ہی تھی کہ اتنے میں پیچھے سے آنے والی ایک تیز رفتار جیپ ان مسافروں پر چڑھ دوڑی اور الٹ گئی جس کے نتیجے میں 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) رضوان عمر گوندل نے بتایا کہ زخمیوں میں 14 افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے افراد کی میتوں کو ان کے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا ہے۔

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والی سرکاری گاڑی میں سوار فیملی خطرے سے باہر ہے۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے شیخ زید ہسپتال کا دورہ کرکے مریضوں کی عیادت اور اور انتظامات کی نگرانی کی اور زخمیوں کو ہر طرح کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا۔

اس بارے میں موٹر وے پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کے ذمہ داران کا تعین کیا جارہا ہے۔

نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (این ایچ ایم پی) کےذرائع نے بتایا کہ حادثہ اتنا اچانک تھا کہ موٹروے پولیس فوری طور پر سڑک پر حفاظتی کونز نہیں لگاسکی جس کے باعث گاڑی کے ڈرائیور کو اندازہ نہیں ہوا کہ کس لین میں حادثہ ہوا ہے۔

چند روز قبل لاہور اسلام آباد موٹر وے پر کلر کہار کے قریب بس الٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 14 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

حادثے کا شکار بس مخالف سمت سے آنے والے روڈ پر دو دیگر کاروں اور ایک ٹرک سے جا ٹکرائی، پولیس کے مطابق مسافر شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اسلام آباد سے واپس لاہور جارہے تھے کہ ٹائر پھٹنے کے باعث ان کی بس الٹ گئی۔

ڈپٹی کمشنر چکوال قرۃ العین ملک نے بتایا تھا کہ 14 مسافر جان کی بازی ہار گئے جب کہ 64 دیگر شہری زخمی ہیں، ڈی سی نے مزید کہا کہ 6 مسافروں کو شدید چوٹیں آئیں جنہیں راولپنڈی منتقل کردیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024