• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

دنیا بھر میں پیاز کی بڑھتی قیمتوں اور قلت سے لوگ پریشان

شائع February 25, 2023
اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

پاکستان سمیت دنیا بھر میں پیاز اور ٹماٹر سمیت مختلف سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں اور قلت نے دنیا میں خوراک کی قلت کا بحران پیدا کردیا ہے جب کہ ترکی سمیت متعدد ممالک نے سبزیوں کی دوسرے ممالک ترسیل کو روک دیا ہے۔

امریکی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں حالیہ سیلاب سمیت ترکی میں آنے والے زلزلے اور روس - یوکرین جنگ کے بعد دنیا بھر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں جب کہ برطانیہ سمیت متعدد ممالک کے سپر اسٹورز میں بھی سبزیوں اور پھلوں کی قلت دیکھی گئی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلپائن اور مراکش جیسے زرعی ممالک میں لوگ بھی پیاز کی بڑھتی قیمتوں اور قلت کے بعد پیاز کے بغیر ہی غذائیں پکانے اور کھانے پر مجبور ہیں، جس سے کئی افراد کی صحت خراب ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق نہ صرف وسطی ایشیا اور افریقہ بلکہ یورپ اور جنوبی ایشیا جیسے خطوں میں بھی پیاز، ٹماٹر، گاجر، مرچوں اور سیب سمیت دیگر پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں بھی انتہائی زیادہ ہیں جب کہ متعدد ممالک میں ان کی دستیابی بھی ایک مسئلہ بنی ہوئی ہے۔

جریدے کے مطابق دنیا بھر میں پیاز کی بڑھتی قیمتوں سے متعلق اقوام متحدہ اور عالمی بینک پہلے ہی دنیا کو مطلع کر چکی ہیں، تاہم دنیا کے مختلف خطوں کی حالات سے اندازہ ہوتا ہے کہ پیاز کی قلت مزید سنگین ہونے کا خطرہ ہے۔

رہورٹ میں دنیا بھر میں پیاز سمیت دیگر سبزیوں اور پھلوں کی بڑھتی قیمتوں اور قلت کو پاکستان میں آنے والے سیلاب اور روس - یوکرین جنگ سے جوڑا گیا اور بتایا گیا کہ دیگر زرعی ممالک میں بھی موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے سبزیوں اور پھلوں کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پیاز کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ ترکی میں دیکھا گیا جب کہ پیاز کی قیمتوں اور قلت کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ازبکستان، تیسرے نمبر پر یوکرین، چوتھے نمبر پر فلپائن، پانچویں نمبر پر تاجکستان اور چھٹے نمبر پر پاکستان رہا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران میکسیکو سے لے کر بھارت تک یعنی دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ قیمتیں اناج کی بڑھیں جس کے بعد سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں لوگ پیاز، ٹماٹر، مرچوں، مختلف سبزیوں اور پھلوں سمیت اناج کی عدم دستیابی اور بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں اور ماہرین نے صورتحال کو دیکھتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دنیا بھر کے افراد کی صحت متاثر ہوسکتی ہے،کیوں کہ سبزیوں اور پھلوں میں مختلف وٹامنز ہوتے ہیں جو انسانی صحت کے لیے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024