• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

مہنگائی کے دور میں نوکیا کا سستا ترین فون پیش

شائع February 24, 2023
فون کے فرنٹ اور بیک پر ایک ایک کیمرا دیا گیا ہے—فوٹو: کمپنی
فون کے فرنٹ اور بیک پر ایک ایک کیمرا دیا گیا ہے—فوٹو: کمپنی

دن بہ دن بڑھتی مہنگائی اور موبائل کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں کے اس دور میں ماضی کی مقبول موبائل تیار کرنے والی فن لینڈ کی کمپنی نوکیا نے اب تک کا سستا ترین فون پیش کردیا۔

نوکیا نے گزشتہ ماہ جنوری کے وسط میں سال 2023 کا پہلا سستا فون بھی پیش کیا تھا، تاہم کمپنی کی جانب سے اب پیش کیے گئے فون کو اب تک کا سستا فون قرار دیا جا رہا ہے۔

نوکیا نے سال 2023 کے دوسرے مہینے میں رواں سال کا دوسرا فون ’نوکیا سی 02‘ پیش کردیا، جس کی قیمت مہنگائی کے اس دور میں انتہائی کم رکھی گئی ہے۔

’نوکیا سی 02‘ کو کمپنی نے 45۔5 انچ اسکرین اور 3 ہزار ایم اے ایچ کی درمیانی بیٹری کے ساتھ پیش کیا ہے۔

فون کو 5 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے اور اس کے بیک اور فرنٹ پر ایک ایک کیمرا دیا گیا ہے۔

’نوکیا سی 02‘ کے بیک پر 5 میگا پکسل جب کہ فرنٹ پر 2 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے مگر کمپنی کا دعویٰ ہے کہ موبائل کے کیمروں کو جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جس سے کیمروں کا رزلٹ کسی بڑے میگا پکسل سے کم نہیں۔

کمپنی نے بیک کیمرے کو پورٹریٹ تصاویر کے لیے کمپنی کا اب تک کا سب سے بہترین کیمرا قرار دیا ہے۔

اینڈرائیڈ 12 کے گو ایڈیشن کے ساتھ پیش کیے گئے فون میں کاڈ کور کی چپ دی گئی ہے جب کہ اس میں 2 جی بی ریم اور 32 جی بی اسٹوریج کی گنجائش دی گئی ہے۔

فون میں الگ سے میموری کارڈ شامل کرکے اس کی میموری کو بڑھایا جا سکتا ہے جب کہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ موبائل کو جدید ترین سیکیورٹی فیچرز کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔

کمپنی نے فون کے کلرز اور باڈی پر کافی محنت کرکے اسے دیدہ زیب بنایا ہے اور اسے دو مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔

موبائل کو فوری طور پر فروخت کے لیے پیش نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ اسے مارچ کے آغاز تک پاکستان سمیت دیگر ممالک میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔

کمپنی نے ’نوکیا سی 02‘ کی قیمت کا اعلان بھی نہیں کیا، تاہم مارکیٹ ذرائع کے مطابق اس کی پاکستانی قیمت 20 ہزار روپے تک رکھی جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

کمپنی نے اس سے قبل جنوری 2023 میں پیش کیے گئے موبائل ’نوکیا سی 12‘ کی قیمت پاکستانی 23 ہزار روپے سے زائد رکھی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024