• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

’غیر آئینی اقدامات اٹھانے سے باز رہیں‘، وزیراعظم کا صدر مملکت کو مشورہ

شائع February 24, 2023
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط پر ناراضی کا اظہار کیا — تصاویر: فیس بک
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط پر ناراضی کا اظہار کیا — تصاویر: فیس بک

وزیراعظم شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے صدر کو ’غیر آئینی اقدامات‘ اٹھانے سے خبردار کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقات میں وزیر اعظم نے کہا کہ صدر عارف علوی کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کو خط نہیں لکھنا چاہیے تھا۔

گزشتہ ہفتے اپنے خط میں صدر مملکت نے سکندر سلطان راجا کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخوں پر ایک اجلاس میں مدعو کیا۔

خط کا جواب دیتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے صدر کو بتایا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخوں کے اعلان میں ان کا کوئی کردار نہیں ہے۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اس معاملے پر صدر کو خط لکھنے کا خیال بھی پیش کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ’حکومت، چیف الیکشن کمشنر کے فیصلوں کا احترام کرے گی اور اسے قبول کرے گی۔‘

اجلاس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابات پر سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور حکومت کی قانونی ٹیم نے اس معاملے پر شرکا کو بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کو ’فلاپ شو‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’لوگوں نے اس سے خود کو دور کر لیا‘ ہے۔

وزیراعظم کی آصف زرداری سے ملاقات

بعد ازاں وزیر اعظم اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے درمیان علیحدہ ملاقات ہوئی۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری کی وزیر اعظم ہاؤس آمد پر وزیراعظم نے ان کا استقبال کیا۔

آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور عوامی فلاح و بہبود کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کو مبارکباد

بعد ازاں وزیراعظم نے سعودی عرب کی قیادت کو مملکت کے یوم تاسیس پر مبارکباد دی۔

وزیر اعظم کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ میں پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کو ان کے یوم تاسیس پر مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔

کفایت شعاری کے فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے کمیٹی قائم

دوسری جانب وزیراعظم نے سادگی اور بچت کے حوالے سے لیے گئے فیصلوں پر بھرپور عملدرآمد کے لیے ایک مانیٹرنگ کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی جس میں ہر اتحادی جماعت کے کابینہ رکن کی نمائندگی ہوگی۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی کے اراکین میں وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد جہانزیب خان، وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اور وفاقی سیکریٹری خزانہ شامل ہوں گے، وزیراعظم نے مزید ہدایت کی کہ اس کمیٹی کا اجلاس ایک مہینے میں کم از کم دو مرتبہ منعقد کیا جائے۔

انہوں نے تاکید کی کہ مذکورہ فیصلوں پر نفاذ میں کسی قسم کی تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی اور ان کا نفاذ سختی سے ہوگا۔

مذکورہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کا موقع کمیٹی میں موجود ہر اتحادی پارٹی کے کابینہ رکن کو دیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024