• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن سے صوبے میں انتخابات کا شیڈول طلب کرلیا

شائع February 22, 2023
جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن صدر سے کس طرح اختلاف کرسکتا ہے—تصویر: پی ایچ سی ویب سائٹ
جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن صدر سے کس طرح اختلاف کرسکتا ہے—تصویر: پی ایچ سی ویب سائٹ

پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور گورنر خیبر پختونخوا کو صوبائی اسمبلی کے انتخابات کی تاریخ طے کرنے کا حکم دینے سے متعلق درخواستوں پر ای سی پی سے الیکشن شیڈول طلب کرلیا۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل بینچ نے 18 جنوری کو تحلیل ہونے والی صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے شیڈول کے اعلان میں تاخیر کے خلاف 2 درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے آغاز میں جسٹس ارشد علی نے کہا کہ اب تو صدر مملکت نے تاریخ دی ہے، دو تاریخیں تو نہیں ہوسکتیں، اب ہم الیکشن کمیشن سے پوچھیں گے کہ اب کیا ہوگا۔

پی ٹی آئی کے وکیل شمائل بٹ نے کہا کہ دستور پاکستان کی دفعہ 105 بالکل کلیئر ہے، ہم چاہتے ہیں کہ اب گورنر بھی تاریخ دے دیں، یا گورنر کہے کہ یہ تاریخ ٹھیک ہے الیکشن کراتے ہیں۔

وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا تھا، ہم نے مشاورت نہیں کی ہم نے اختلاف کیا ہے۔

جسٹس ارشد علی نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن صدر سے کس طرح اختلاف کر سکتا ہے۔

وکیل الیکشن کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ آج اٹارنی جنرل کو مشاورت کے لیے بلایا ہے، اجلاس کے جو منٹس ہوں گے ان سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔

وکیل پی ٹی آئی شمائل بٹ نے کہا کہ کل جو اجلاس ہوا اس کی لمحہ بہ لمحہ خبریں نیوز چینل پر چلیں۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے ریمارکس دیے کہ ہم میڈیا کو نہیں دیکھتے ہیں۔

جسٹس ارشد علی نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے انتخابی شیڈول طلب کیا ہے، یہ شیڈول دیں گے۔

ساتھ ہی عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اٹارنی جنرل خود پیش ہوں یا ہماری معاونت کے لیے اٹارنی جنرل آفس کے کسی دوسرے افسر کو مقرر کریں۔

اس کے علاوہ عدالت نے الیکشن کمیشن سے آئندہ سماعت پر انتخابی شیڈول طلب کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن رپورٹ دے کہ کیا شیڈول دے رہے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 28 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

دوبارہ 2 تہائی اکثریت سے آسکتے ہیں اس لیے اسمبلی تحلیل کی، شاہ فرمان

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے پشاور ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کی۔

عدالت میں پی ٹی آئی کی پیروی کرنے والے وکیل ایڈووکیٹ شمائل بٹ نے کہا کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کو تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور اٹارنی جنرل کو بھی پیش ہونے کا کہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر کی آئنی ذمہ داری ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن میں الیکشن کرالیں، کمیشن تاریخ مانگ رہا تھا جو صدر مملکت نے دے دی ہے۔

شمائل بٹ کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے عجیب بات کی کہ کمیشن صدر کے ساتھ متفق نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہا کہ الیکش کمیشن تاریخ کے انتظار میں تھا جو صدر نے دے دی، اب ای سی پی کو آئندہ سماعت پر بتانا ہے کہ انتخابی شیڈول کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری کے حوالے سے 54 دن مانگے ہیں، 90 دن کے اندر الیکشن کرانے ہیں لیکن اگر وقت کم ہو تو شفاف انتخابات ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ مؤخر ہونے سے انتخابات پر اثر پڑ سکتا ہے، یہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا، کم وقت میں الیکشن مہم نہیں چلائی جاسکے گی۔

شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم حکومت سب کچھ ماننےکو تیار ہے سوائے الیکشن کے، کیوں کہ پی ڈی ایم کی سیاسی جماعتیں عوام کا سامنا نہیں کر سکتیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے معاشی حالات کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، حکومت پر ادارے اور دیگر ممالک اعتماد کے لیے تیار نہیں ہیں، جلد از جلد الیکشن سے سیاسی استحکام آئے گا اور اس سے معیشت بھی مستحکم ہوگی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ 2013 سے سخت حالات تو نہیں کہ الیکشن نہیں ہوسکتے، جب بھی ان کی حکومت ہوتی ہے تو حالات خراب ہوتے ہیں، اگر مارچ میں ضمنی الیکشن ہو سکتا ہے تو اپریل میں انتخابات کیوں نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ عوام کے ساتھ ظلم ہے کیونکہ اس سے معاشی استحکام وابستہ ہے، یہ سیاسی فیصلے ہیں اور ہمارا حق تھا اسمبلی تحلیل کرنا، اس بار ہم دو تہائی اکثریت سے جیت کر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت یہ سمجھے کہ ہماری کارکردگی ٹھیک ہے تو اسمبلی تحلیل کر کے الیکشن میں جاسکتی ہے اور ہم دوتہائی اکثریت سے دوبارہ آسکتے ہیں اس لیے اسمبلی تحلیل کی۔

پی ٹی آئی رہنما عاطف خان نے کہا کہ جمہوریت کے لیے الیکشن انتہائی ضروری ہے، یہ حکومت عوام کے سامنے بےنقاب ہوگئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ہو سکتی ہے، اسنو فیسٹول ہو سکتا ہے، ضمنی انتخابات ہوسکتے ہیں لیکن صوبائی اسمبلی کے الیکشن کے لیے بہانے بنائے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صرف صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں امن و امان کا مسئلہ اٹھایا جارہا ہے، کیا حکومت یہ ضمانت دے سکتی ہے تین ماہ بعد امن و امان کی صورت حال ٹھیک ہوجائے گی۔

عاطف خان کا کہنا تھا کہ کل کو اگر کسی جگہ پر دھماکا ہوجاتا ہے تو پھر یہ کہیں گے کہ تین مہینے الیکشن مؤخر کرا دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آج ان کے پاس پیسے نہیں ہے تو کیا تین ماہ بعد کوئی خزانہ نکل آئے گا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ چیئرمین نیب کا استعفیٰ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، رانا ثنااللہ طاقت کا غلط استعمال کرکے سیاستدانوں کے پیچھے لگا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملکی ایجنسیوں کا کام دہشت گردوں کے فون کال ٹیپ کرنا اور ان کو پکڑنا ہے، لیکن ملک کی ایجنسیوں کو سیاستدانوں کے فون ٹیپ کرنے پر لگایا ہوا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024