• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 63 رنز سے شکست، قلندرز نے دوسری فتح اپنے نام کر لی

شائع February 21, 2023 اپ ڈیٹ February 22, 2023
شاہین شاہ آفریدی زمبابوے کے سکندر رضا کو وکٹ لینے پر سراہ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
شاہین شاہ آفریدی زمبابوے کے سکندر رضا کو وکٹ لینے پر سراہ رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
لاہور قلندرز کے بلے باز کامران غلام کے اسٹمپ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
لاہور قلندرز کے بلے باز کامران غلام کے اسٹمپ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کے 10 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 63 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

کراچی کے ننیشنل بینک کرکٹ ارینا میں کھیلے گئے ایونٹ کے 10ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قلندرز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے ٹیم کو صرف 24گیندوں میں 49 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔

اس مرحلے پر اوڈین اسمتھ نے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے فخر زمان کی 22 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

نوجوان طاہر بیگ نے ایک مرتبہ پھر متاثر کن کھیل پیش کیا اور 15 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے لیکن محمد نواز ایک چھکا مارنے کے بعد دوبارہ اسی کوشش میں وہ کیچ دے بیٹھے۔

اس مرحلے پر کامران غلام کا ساتھ دینے شے ہوپ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 56 رنز جوڑے، اس شراکت کا خاتمہ قیس احمد نے کامران غلام کو آؤٹ کرکے کیا۔

شے ہوپ نے حسین طلعت کے ساتجھ مل کر اسکور کو 156 تک پہنچایا اور 32 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ففٹی کی تکمیل سے قبل انہیں ہم وطن اوڈین اسمتھ نے اپنا شکار بنا لیا۔

حسین طلعت نے 13 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ سکندر رضا نے 16 گیندوں پر 32 رنز بنائے جس کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 198رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اوڈین اسمتھ اور قیس احمد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

گلیڈی ایٹرز نے اننگز کا آغاز کیا تو لاہور قلندرز کے باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور زمان خان نے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کو مشکلات سے دوچار کیا۔

شاہین نے پہلے ہی اوور میں عبدل بنگلزئی کو چلتا کردیا اور مسلسل یارکرز سے گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں کے لیے رنز کا حصول دشوار بنا دیا تاہم اس دوران قلندرز نے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کے دوران دونوں ریویو بھی ضائع کر دیے۔

ابتدائی چار اوورز میں محض 21 رنز بننے کے بعد حارث رؤف کے باؤلنگ پر آتے ہی جیسن روئے نے ان کے ایک ہی اوور میں تین چھکے لگائے اور پھر اگلے اوور میں زمان خان کو بھی ایک چھکا جڑ دیا۔

دوسرے اینڈ پر موجود مارٹن گپٹل اس مرتبہ بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 18 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

جیسن روئے خطرناک ثابت ہوتے جا رہے تھے لیکن افغانستان سے آئے راشد خان نے انہیں بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔

محمد حفیظ نے بھی حارث رؤف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایک اوور میں دو چھکے لگائے لیکن دوسرے اینڈ سے افتخار اور نواز وکٹیں گنوا بیٹھے۔

حفیظ بھی مزید مزاحمت نہ کر سکے اور بڑھتے ہوئے رن ریٹ کے دباؤ کے سبب 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد کوئٹہ کی وکٹیں ایک، ایک کر کے گرتی رہیں اور وہ مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 135رنز بنا سکی۔

میچ میں 63 رنز سے فتح کی بدولت لاہور قلندرز نے ٹورنامنٹ میں دوسری فتح اپنے نام کر لی۔

شاہین شاہ آفریدی کو 4 اوورز میں 22 رنز کے عوض تین وکٹیں لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، جیسن روئے، عبدل بنگلزئی، مارٹن گپٹل، محمد نواز، سرفراز احمد، افتخار احمد، محمد حفیظ، اوڈین اسمتھ، قیس احمد، محمد حسنین اور نسیم شاہ۔

لاہور قلندرز: شاہین شاہ آفریدی(کپتان)، فخر زمان، طاہر بیگ، شے ہوپ، کامران غلام، حسین طلعت، سکندر رضا، راشد خان، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور زمان خان۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024