• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کیلئے اسپیکر سے مطالبہ

شائع February 21, 2023
ملک عامر ڈوگرنے لکھا ہے کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کا استحقاق ہے— فائل فوٹو: ٹوئٹر
ملک عامر ڈوگرنے لکھا ہے کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کا استحقاق ہے— فائل فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسپیکر قومی اسمبلی سے قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کردیا۔

تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی کو تحریری مراسلہ بھیج دیا۔

چیف وہپ ملک عامر ڈوگر کی طرف سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی فوری طور پر قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے عمل کا آغاز کریں۔

خط میں لکھا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 20 فروری کے حکم نامے میں تحریک انصاف کے اراکین کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے آپ کے فیصلے کو معطل کردیا ہے، لہٰذا ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف ایوان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت ہے۔

ملک عامر ڈوگر نے لکھا ہے کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت ہونے کے ناطے قائد حزب اختلاف تحریک انصاف کا استحقاق ہے، لہٰذا چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایت پر اس مراسلے کے ذریعے میں آپ سے قائد حزب اختلاف کی فوری تبدیلی کا مطالبہ کر رہا ہوں۔

ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ’اسپیکر صاحب، قومی احتساب بیورو (نیب) قانون کے مطابق چیئرمین نیب کا تقرر قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے مابین مشاورت سے کیا جاتا ہے۔‘

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کے استعفے کے بعد نیا تقرر تحریک انصاف کے نئے قائد حزب اختلاف کے ساتھ مشاورت ہی سے ممکن ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کرتے ہوئے نوٹسز جاری کردیے تھے۔

پی ٹی آئی کے پنجاب سے تعلق رکھنے والے ارکان کے قومی اسمبلی سے استعفے منظور کرنے کے خلاف درخواستوں پر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی تھی۔

عدالت نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024